جارجیا میں ترکیہ کا فوجی طیارہ تباہ، 20 افراد سوار تھے
ترکی کی وزارتِ دفاع کے مطابق آذربائیجان سے واپس لوٹنے والا ایک ترک فوجی کارگو طیارہ جارجیا میں گر کر تباہ ہوگیا، جس میں 20 افراد سوار تھے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطبق وزارتِ دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہمارا C-130 فوجی کارگو طیارہ، جو آذربائیجان سے وطن واپسی کے لیے روانہ ہوا تھا، جارجیا اور آذربائیجان کی سرحد پر گر کر تباہ ہوگیا۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ کہ طیارے میں 20 اہلکار، بشمول عملہ سوار تھا۔
وزارت کے مطابق تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں۔
آذربائیجان کی میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ طیارہ فضا میں گھومتا ہوا نیچے آ رہا ہے، اور زمین پر گرنے کے بعد سیاہ دھوئیں کا بڑا بادل اٹھتا نظر آیا۔
حادثے کی جگہ سے موصول ہونے والی ایک اور ویڈیو میں جلے ہوئے طیارے کے ملبے کو آگ کی لپیٹ میں دکھایا گیا، جب کہ کئی افراد کھیت میں کھڑے یہ منظر دیکھ رہے تھے۔
ترک وزارتِ دفاع نے میڈیا سے درخواست کی ہے کہ حادثے کی تصاویر یا ویڈیوز شائع نہ کی جائیں۔
ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق صدر رجب طیب ایردوغان نے کہا کہ ترکی جارجیائی حکام کے ساتھ مل کر طیارے کے ملبے تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔
آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ترک صدر سے اظہارِ تعزیت کیا۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق ترک وزیرِ خارجہ حقان فدان نے جارجیائی ہم منصب ماکا بوچورِشویلی سے فون پر بات کی اور امدادی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا۔
جارجیا کی وزارتِ داخلہ نے تصدیق کی کہ طیارہ سگناغی کے علاقے میں، آذربائیجان کی سرحد سے تقریباً پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر گر کر تباہ ہوا۔
جارجیا کی فضائی ٹریفک کنٹرول ایجنسی ساکاایروناویگاتسیا نے کہا کہ طیارہ جارجیائی فضائی حدود میں داخل ہونے کے چند منٹ بعد ریڈار سے غائب ہو گیا، اور اس نے کوئی ہنگامی سگنل بھی نہیں بھیجا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’جیسے ہی ترک C-130 طیارہ ریڈار سے غائب ہوا، ہم نے فوری طور پر تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں شروع کر دیں۔‘
