عالمی سیاحتی شعبے میں 2034 تک 9 کروڑ ملازمتیں پیدا ہوں گی، وزیر سیاحت
’اس شعبے میں 40 فیصد ملازمتیں خواتین اور 30 فیصد نوجوانوں کے لئے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزیرِ سیاحت احمد الخطيب نے کہا ہے کہ سیاحت کے شعبے میں دنیا بھر میں 357 ملین سے زائد افراد کام کر رہے ہیں اور توقع ہے کہ یہ شعبہ 2034 تک تقریباً 90 ملین نئی ملازمتیں فراہم کرے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’40 ملین ملازمتوں کا خلا موجود ہے جس کے لئے فوری حل درکار ہیں‘۔
انہوں نے آج منگل کو ریاض میں افتتاحی تقریب میں منعقدہ کانفرنس و نمائش ’Tourise‘ میں کہا ہے کہ ’یہ معاملہ حال ہی میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھی زیرِ بحث آیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ اس خلا کو پر کرنے کے لئے سرکاری اور نجی شعبے کے اشتراک سے عملی اقدامات اور جدید حل اپنانے ضروری ہیں‘۔
الخطيب نے بتایا ہے کہ اس کانفرنس میں دنیا کے 50 سے زائد وزرائے سیاحت شریک ہیں اور یہ عالمی پلیٹ فارم ہے جہاں سیاحت میں ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے مستقبل پر بات کی جا رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مصنوعی ذہانت ’ناقابلِ رکاؤٹ ہے‘ مگر یہ بعض خدمات میں انسانی رابطے کا نعم البدل نہیں بن سکتی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا بھر میں اس شعبے میں 40 فیصد ملازمتیں خواتین اور 30 فیصد نوجوانوں کے لئے ہیں جس سے یہ شعبہ ان دونوں گروہوں کے لئے پائیدار روزگار کے مواقع فراہم کرتا ہے۔