Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کے 3 علاقوں میں بارش، ریاض میں سیلاب کے  مناظر

بارش کے مناظر کی وڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔ (فوٹو سبق)
ریاض ریجن کی شمالی کمشنریوں میں اتوار کو موسلا دھار بارش کے باعث سیلاب آگیا۔ وادیاں اور گھاٹیاں پانی سے بھر گئیں۔
اخبار  24 کے مطابق موسلا دھار بارش کے  مناظر پر مشتمل وڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے۔ جن میں دیکھا جاسکتاہے کہ شمالی ریاض کی کمشنری ثادق اور شمال  مغربی کمشنری اشیقر کی وادیوں اور گھاٹیوں میں پانی کھڑا ہے۔


اتوار کو الشرقیہ میں بھی بارش ہوئی۔ (فوٹو ایس پی اے)

عاجل کے مطابق شمالی ریاض کے النرجس محلے  میں بھی اتوار کو بارش ہوئی یہاں بعض مقامات پردرمیانے اور دیگر پر موسلا دھار بارش کے مناظر دیکھنے میں آئے۔
ماہر موسمیات ولید العقیل نے ٹوئٹر کے  اپنے اکاؤنٹ پر النرجس محلے میں بارش کے  مناظر پر مشتمل ایک وڈیو بھی شیئر کیا ہے۔
الشرقیہ، قصیم، باحہ اور مکہ مکرمہ کے بالائی علاقوں سے  بھی پہلے گرد آلود تیز ہواؤں اور اس کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش کی اطلاعات مل رہی ہیں۔


مملکت میں اگست کا مہینہ سخت گرمی کا مانا جاتا ہے۔ (فوٹوعاجل)

 موسمیات کے قومی مرکز نے اس سے قبل رپورٹ جاری کرکے توجہ دلائی تھی کہ ریاض، قصیم اور الشرقیہ میں مختلف مقامات پر گردو غبار کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج  چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ قومی مرکز نے باحہ کے بعض مقامات پر بھی بارش کی اطلاعات دی تھیں اور یہ کہا تھا کہ اس کے اثرات مکہ مکرمہ ریجن کے بالائی مقامات تک پہنچ جائیں گے۔
الاخباریہ چینل کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز کے  ترجمان حسین القحطانی نے کہا ہے کہ اگست کا مہینہ مملکت میں سخت گرمی کا مانا جاتا ہے البتہ طائف، باحہ، عسیر اور جازان کے پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے سلسلے کی وجہ سے درجہ حرارت معتدل ہوجاتا ہے۔
القحطانی نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ نجران، ریاض، الشرقیہ اور جازان میں گرج چمک کے  ساتھ بارش کے امکانات موسم میں بہتری کا پتہ دے رہے ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: