Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمن الظواہری کی موت: امریکہ نے اپنے شہریوں کو انتباہ جاری کردیا

امریکی صدر نے منگل کو صبح القاعدہ سربراہ کی موت کی تصدیق کی تھی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے شہریوں کو انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ بیرون ملک سفر کرتے ہوئے محتاط رہیں اور صورتحال کے حوالے سے ہمیشہ آگاہ رہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے بدھ کو جاری اس انتباہ میں کہا ہے کہ ان کا ماننا ہے کہ افغانستان میں ایک ڈرون حملے میں القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کی موت کے بعد امریکہ مخالف سرگرمیوں کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے پاکستانی وقت کے مطابق منگل کو صبح اعلان کیا تھا کہ افغانستان میں ایک امریکی کارروائی میں القاعدہ سربراہ کی موت کی تصدیق کی تھی۔
ایمن الظواہری القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کی طرح زیادہ مشہور نہیں تھے لیکن انہوں نے دہشت گرد تنظیم کے آپریشنز میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ وہ امریکی ایجنسی ایف بی آئی کی سب سے مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھے اور ان کے سر پر ڈھائی کروڑ ڈالر کا انعام تھا۔
امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ’موجودہ معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ دہشتگرد تنظیمیں متعدد خطوں میں امریکی مفادات کے خلاف دہشتگردی کے منصوبہ بندی جاری رکھے ہوئے ہیں۔‘
’یہ حملے مختلف طرح بشمول خودکش حملے، قتل، اغوا اور بم دھماکوں کی شکل میں ہوسکتے ہیں۔‘
امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ ’امریکی شہری کسی بھی مسلح تنازع میں شرکت کے لیے کسی بھی ملک نہ جائیں۔ امریکی شہریوں کو بتایا جاتا ہے کہ کسی بھی دہشتگرد تنظیم کے لیے لڑنا اور ان کی کسی بھی طرح کی حمایت کرنا ایک سنگین جرم ہے جس کے ارتکاب پر جیل اور دیگر سزائیں بھی ہوسکتی ہیں۔‘

شیئر: