Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک انصاف کا 13 اگست کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جلسے میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 13 اگست کو اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سنیچر کو عمران خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات فرخ حبیب نے بھی ایک ٹویٹ میں 13 اگست کو جلسے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’13 اگست کو پی ٹی آئی اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔‘
واضح رہے جمعے کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے حکومت کو ایک ماہ میں اسمبلیاں تحلیل کرنے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’الیکشن کے لیے مزید وقت نہیں دے سکتے، حکومت فوری انتخابات کا اعلان کرے۔‘
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کے خلاف الیکشن کمیشن کارروائیوں میں جلدبازی کر رہا ہے۔
’الیکشن کمیشن ایک ایسا ادارہ بن چکا ہے جس کی غیرجانبداری ہی ختم ہو چکی ہے اس لیے ہم چیف الیکشن کمیشنر کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’موجودہ حکومت کو انتخابات کے لیے بہت وقت دیا، حکومت ایک ماہ میں اسمبلیاں تحلیل کر کے انتخابات کا اعلان کرے۔‘
’آئندہ 48 گھنٹے میں اسلام آباد میں بڑے جلسے کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ جلسے میں حکومت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی ڈیڈلائن دیں گے۔‘

شیئر: