Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمانی پہاڑ پر اماراتی کی دل ہلا دینے والی حرکت پر گرفتاری، ویڈیو وائرل

اماراتی شہری نے گرفتاری کے بعد ویڈیو سوشل میڈیا سے ہٹا دی۔ (فوٹو: المرصد)
متحدہ عرب امارات کے شہری بوذیاب نے سلطنت عمان کے سمحان پہاڑ کی چوٹی پر دل دہلا دینے والی حرکت کر کے صارفین کے ہوش اڑا دیے۔
عمانی جریدے وطنا الیوم  اور عمان ون کے مطابق بوذیاب نے عمانی پہاڑ کی چوٹی پر جو کچھ کیا اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ چوٹی کے  کنارے گاڑی پر کھڑا ہو گیا ہے۔ 
ایک شخص بوذیاب کی اس حرکت کی منظرکشی کر رہا ہے۔ وہ اسے خبردار بھی کر رہا ہے کہ  ہم لوگ پھنس گئے ہیں یہ نہ بھولو کہ یہ پہاڑ کئی کلومیٹر اونچا ہے۔

ایک شخص بوذیاب کی اس حرکت کی منظرکشی کر رہا ہے۔ (فوٹو: المرصد)

ایک اور ویڈیو میں اماراتی یو ٹیوبر اپنی گاڑی کو ریورس کر رہا ہے جبکہ اس کا دوست اسے سمجھا رہا ہے کہ  بس کرو گاڑی چوٹی کے کنارے پہنچ چکی ہے۔
دوسری جانب سلطنت عمان کی پولیس نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر اس کی اطلاع دیتے ہوئے  کہا کہ ظفار پولیس نے ایک سیاح کو گرفتار کیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی تھی۔ اس نے پہاڑ کی چوٹی پر گاڑی چڑھا کر انتہائی خطرناک حرکت کی تھی جس سے اس کی جان کو خطرہ لاحق تھا۔ پولیس اس حوالے سے قانونی کارروائی کررہی ہے۔
اماراتی شہری نےعمانی پہاڑ پر اپنی خطرناک حرکت پر مشتمل ویڈیو کلپ ظفار پولیس کی جانب سے گرفتاری کے فوری بعد سوشل میڈیا سے ہٹا دیا۔
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: