Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید 6 ماہ قبل کرائی جاسکتی ہے؟

ڈرائیونگ لائسنس 5 اور دس برس کےلیے تجدید کرایا جاسکتا ہے(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں محکمہ ٹریفک پولیس کے قانون کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس 5 اور دس برس کےلیے تجدید کرایا جاسکتا ہے۔ قبل ازیں ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید صرف پانچ برس کےلیے ہوتی تھی بعدازاں اس میں مختلف مدت کی سہولت فراہم کردی گئی ہے تاکہ لوگوں کوآسانی ہو۔ 
ٹریفک پولیس کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا ’ڈرائیونگ لائسنس کی ایکسپائری میں 3 ماہ باقی ہیں معلوم یہ کرنا ہے کہ کتنی مدت قبل تجدید کرایا جاسکتا ہے؟‘ 
سوال کے جواب میں ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ ضوابط کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید 180 دن قبل بھی کرائی جاسکتی ہے۔
لائسنس کی تجدید اسی وقت سے شمار ہوگی جو پرانے لائسنس کی ایکسپائری تاریخ ہوتی ہے اس تاریخ کے بعد سے مطلوبہ مدت کے لیے لائسنس تجدید کیاجاتا ہے۔ 
واضح رہے لائسنس کی تجدید اب ابشرسسٹم کے ذریعے باسانی کرائی جاسکتی ہے تاہم اس کےلیے میڈیکل ٹیسٹ کرانا ضروری ہے جو کسی ایسے ادارے سے کرایا جائے جو ای لنک کے ذریعے ٹریفک پولیس کے سسٹم سے مربوط ہوتاکہ میڈیکل کی رپورٹ براہ راست ٹریفک پولیس کے سسٹم میں اپ لوڈ ہوجائے۔ 
ایک اورشخص کی جانب سے گاڑی کے ملکیتی کارڈ جسے عربی میں استمارہ کہا جاتا ہے کہ حوالے سے دریافت کیا گیا، ’استمارہ ابشر کے ذریعے تجدید کرایا ہے کیا دوسرا کارڈ پرنٹ کرانا ضروری ہے یا نہیں؟‘ 
اس حوالے سے ٹریفک پولیس کے ٹوئٹر پرکہا گیا ہے کہ وہ استمارہ کارڈ جن پرایکسپائری تاریخ درج نہیں ہوتی ان کی تجدید سسٹم سے کرانے کے بعد دوسرا کارڈ پرنٹ کرانے کی ضرورت نہیں ہوتی ۔ 
جبکہ وہ کارڈ جن پرایکسپائری تاریخ درج ہوتی ہے انہیں سسٹم میں تجدید کرانے کے بعد دوسرا کارڈ پرنٹ کرانا ہوتا ہے اس حوالے سے ٹریفک پولیس کے دفتر سے رجوع کرنے سے قبل اس امرکی یقین دہانی کرلی جائے کہ استمارے پرایکسپائری کی تاریخ درج ہے یا نہیں اگردرج نہیں ہے تو صرف سسٹم سے ہی استمارہ تجدید کرانا کافی ہوگا۔ 
واضح رہے سعودی عرب میں سرکاری اداروں میں بیشتر معاملات ڈیجیٹل کردیئے گئے ہیں جس سے لوگوں کو کافی سہولت ہوئی ہے جبکہ اس سے قبل ڈرائیونگ لائسنس یا گاڑی کے استمارے کی تجدید کےلیے کافی دقت کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ 

سعودی شہریوں بلکہ غیر ملکیوں کو بھی کافی سہولت ہوگئی ہے(فائل فوٹو عرب نیوز)

ادارہ ٹریفک پولیس کے معاملات جب سے ڈیجیٹل ہوئے ہیں نہ صرف سعودی شہریوں بلکہ غیر ملکیوں کو بھی کافی سہولت ہوگئی ہے جبکہ اس سے قبل لائسنس یا استمارہ کی تجدید کےلیے کم از کم ایک دن کا وقت لگتا تھا مگر اب یہ کام گھربیٹھے لمحوں میں مکمل ہوجاتاہے۔ 
ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑی کے ملکیتی کارڈ ’استمارہ‘ میں اب ایکسپائری تاریخ درج نہیں کی جاتی صرف اجرا کی تاریخ درج ہوتی ہے جس سے یہ فائدہ ہوا کہ دوسرا کارڈ حاصل کرنے کے لیے ادارے کے دفترجانے کی بھی ضرورت نہیں۔ 
ادارے کی جانب سے ہوم ڈلیوری سروس کا بھی انتظام کیا گیا ہے جس کے تحت صارف اپنے گھر کا ایڈریس اور ٹیلی فون نمبر متعلقہ خدمات فراہم کرنے والی کمپنی کو فراہم کرے گا جو معمولی فیس کے عوض تجدید شدہ دستاویز گھرپرپہنچا دیتے ہیں۔   

شیئر: