Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے سات بنیادی شرائط

انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کسی بھی ٹریول اینڈ ٹور ایجنسی سے جاری کرایا جا سکتا ہے۔ (فوٹو: انسپلیش)
محکمہ ٹریفک پولیس نے مملکت میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے سات بنیادی شرائط مقرر کی ہیں۔
شرائط کے تحت لائسنس کے لیے درخواست گزار کی عمر 18 برس ہو، وہ نشہ کرنے یا نشہ آور اشیا فروخت کرنے کے حوالے سے عدالت سے سزا یافتہ نہ ہو۔
اس کے علاوہ درخواست گزار جسمانی طور پر فٹ ہو۔ اس کے لیے ڈرائیونگ کا امتحان پاس کرنا ضروری ہے۔ لائسنس کے لیے فیس ادا کی جائے، اگر پرانے چالان ہوں تو انہیں ادا کیا جائے اور قانونی طور پر مقیم یعنی کارآمد اقامہ رکھتا ہو۔
مذکورہ بالا بنیادی شرائط ہیں جنہیں ہر صورت میں مکمل کرنا ضروری ہے۔
ٹریفک پولیس کے قانون کی شق نمبر 36 کے تحت لائٹ ڈرائیونگ لائسنس کے لیے عمر کی حد 18 جبکہ ہیوی ڈرائیور کے لیے کم از کم 20 برس ہونا لازمی ہے۔
ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے بنیادی طور پر دو طریقے ہیں۔ اپنے ملک کا ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والوں کا لائسنس جلد جاری کیا جاتا ہے جبکہ ایسے افراد جن کے پاس کوئی ڈرائیونگ لائسنس نہ ہو، انہیں ٹریفک پولیس کے منظور شدہ ڈرائیونگ سکول میں مقررہ تعلیم حاصل کرنے کے بعد امتحان دینا ہوتا ہے۔

غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والے تارکین وطن

وہ تارکین وطن جن کے پاس اپنے ملک کا ڈرائیونگ لائسنس ہوتا ہے۔ انہیں چاہیے کہ وہ اس کا عربی میں ترجمہ کروا کر اسے اپنے ملک کے سفارتخانے سے تصدیق کریں۔ بعدازاں ٹریفک پولیس کے منظور شدہ ڈرائیونگ سکول ’دلہ‘ کی ویب سائٹ پر رجسٹر کریں اور وہاں سے ڈرائیونگ کا امتحان دیں۔
 امتحان میں پاس ہونے والوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کر دیا جاتا ہے۔ ایسے افراد جو ٹیسٹ میں پاس نہیں ہوتے۔ انہیں کم از کم 30 گھنٹے کی تربیت دی جاتی ہے جو تین گھنٹہ فی یوم کے حساب سے ہوتی ہے۔

محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ جو قوانین مردوں کے لیے ہیں وہی خواتین پر بھی لاگو ہوتے ہیں۔ (فوٹو: عرب نیوز)

ڈرائیونگ لائسنس نہ رکھنے والے غیرملکی

وہ افراد جو غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس نہیں رکھتے، ان کے لیے ڈرائیونگ سکول میں رجسٹریشن کرکے 90 گھنٹے کی ٹریننگ حاصل کرنا لازمی ہے۔ یہ 30 دن پر محیط ہے اور تین گھنٹہ یومیہ کے حساب سے ہوتی ہے۔ 
ڈرائیونگ کی کلاسز مکمل ہونے کے بعد امتحان سے گزرنا ہوتا ہے جس میں ڈرائیونگ اور ٹریفک سائنز کا ٹیسٹ پاس کرنا لازمی ہے۔

میڈیکل ٹیسٹ

ڈرائیونگ ٹیسٹ مکمل کرنے کے بعد میڈیکل ٹیسٹ کے لیے منظور شدہ ہسپتال یا طبی مرکز سے سرٹیفیکٹ حاصل کرنا ہوتا ہے جس میں بلڈ گروپ، آنکھوں کا ٹیسٹ اور جسمانی حالت کا معائنہ کیا جاتا ہے۔ 

انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس

انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے مقررہ درخواست فارم بھر کر دوعدد تصاویر اور پاسپورٹ کی کاپی دی جاتی ہے اور فیس ادا کرنے کے بعد ادارے سے رجوع کیا جاتا ہے جہاں سے بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا جاتا ہے۔
انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کسی بھی ٹریول اینڈ ٹور ایجنسی سے جاری کرایا جا سکتا ہے جو اس امر کی مجاز ہو۔

ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کرنے کے لیے ڈرائیونگ سکول میں رجسٹریشن اور میڈیکل سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

17 برس کی عمر کے لیے ڈرائیونگ پرمٹ

قانون کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کے لیے عمر کی حد 18 برس مقرر ہے تاہم 17 برس کی عمر کے نوجوانوں کے لیے ایک سال کا ڈرائیونگ پرمٹ جسے ’تصریح‘ کہا جاتا ہے، بھی جاری کرایا جا سکتا ہے۔ اس ضمن میں ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’تصریح‘ جاری کرانے کے لیے عمر 17 برس ہونا لازمی ہے اس سے کم نہیں۔ 
ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کرنے کے لیے ڈرائیونگ سکول میں رجسٹریشن اور میڈیکل سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ مقررہ فارم کے ساتھ چھ تصاویر منسلک کی جائیں گی۔ غیرملکیوں کے لیے کارآمد اقامہ ہونا بنیادی شرط ہے۔

خواتین کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا

سعودی عرب میں خواتین کو بھی ڈرائیونگ کی اجازت دی جا چکی ہے۔ اس ضمن میں محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ جو قوانین مردوں کے لیے ہیں وہی خواتین پر بھی لاگو ہوتے ہیں۔

شیئر: