Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن میں سیلاب اور بارش سے متاثرین کے لیے سعودی امداد

یمن کے المھرہ گورنریٹ میں 100 فوڈ باسکٹ تقسیم کی گئی ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمن کے  المھرہ گورنریٹ میں سنیچر کو طوفانی بارش اور سیلاب سے متاثرہ لوگوں میں ہنگامی خوراک کی امداد تقسیم کرکے اپنی امدادی کوششوں کا آغاز کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمن کے المھرہ گورنریٹ میں 100 فوڈ باسکٹ تقسیم کیں جس سے ایک ہزار 92  افراد مستفید ہوئے۔
واضح رہے کہ یمن کے جنوبی اور مشرقی گورنریٹس کے علاوہ  المھرہ میں گزشتہ چند دنوں کے دروان  شدید بارش ہوئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات اپنے قیام کے بعد سے یمنی بھائیوں کو پناہ، خوراک،ہیلتھ اور تعلیم سمیت مختلف اقسام کی امداد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 84 ممالک میں مختلف قسم کے  1997 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔  ان منصوبوں پر 5.7  بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔

 یمن میں 4 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے( فوٹو ایس پی اے)

شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 369 ملین ڈالر، شام میں 327 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 216 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔

شیئر: