رواں ماہ مکہ دفاعی معاہدے کا اجلاس پاکستان میں ہونے کا امکان
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے سات اگست کو مکہ میں دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق پاکستان ممکنہ طور پر نومبر میں مکہ دفاعی معاہدے میں شامل ممالک کے اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
اس پیشرفت سے براہ راست آگاہ ایک پاکستانی عہدیدار نے پیر کو انڈیپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان تنازع کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے خاتمے کے لیے اسلام آباد اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے سات اگست 2026 کو مکہ میں دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت تینوں ممالک نے اتفاق کیا تھا کہ کسی ایک رکن پر حملے کو تمام ارکان پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
یہ اجلاس ایسے وقت میں متوقع ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان علاقائی کشیدگی برقرار ہے اور حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، توانائی کی تنصیبات اور دیگر بنیادی ڈھانچے پر حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کے نتیجے میں مملکت میں شہری ہوابازی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔