Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں دوران ڈرائیونگ کھانے پینے اور میک اپ پر 800 درھم جرمانہ

سڑک پر توجہ ہٹنے کی صورت میں حادثات ہوتے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
متحدہ عرب امارات کے محکمہ ٹریفک نے خبردار کیا ہے کہ گاڑی چلاتے وقت کھانا پینا، میک اپ کرنا اور موبائل فون کا استعمال ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ اس پر 800 درہم جرمانہ ہے۔ 
الامارات الیوم کے مطابق ابوظبی پولیس نے ڈرائیوروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑی چلاتے وقت ایسا کوئی بھی کام جس سے ڈرائیور کی توجہ سڑک سے ہٹتی ہو ٹریفک خلاف ورزی ہے۔ توجہ ہٹنے کی صورت میں حادثات ہوتے ہیں۔ اسی وجہ سے کھانے پینے، سگریٹ نوشی اور میک اپ وغیرہ میں لگ جانا خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ اس پر 800 درہم جرمانہ اور4 پوائنٹ کی کٹوتی ہے۔ 
گزشتہ برسوں کے دوران ابوظبی میں ڈرائیونگ کے دوران موبائل کے استعمال کی وجہ سے دسیوں ٹریفک حادثات ہوچکے ہیں جن میں کئی افراد کی جانیں گئیں۔ متعدد زخمی ہوئے اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ 
اماراتی محکمہ ٹریفک ڈرائیونگ کے دوران موبائل استعمال کرنے یا سڑک سے توجہ ہٹانے والی مختلف مصروفیات پر ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کرچکا ہے۔ 
ابوظبی پولیس نے ٹریفک حادثات سے متعلق اعدادوشمار جاری کرکے بتایا کہ گزشتہ برسوں کے دوران ریاست میں بیشتر ٹریفک حادثات سڑک سے توجہ ہٹ جانے کی وجہ سے ہوئے۔ سال رواں کی پہلی ششماہی کے دوران اس حوالے سے ایک لاکھ سے زیادہ خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آ چکی ہیں۔ 
ابوظبی پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران فون کرنے یا وصول کرنے یا ایس ایم ایس بھیجنے یا وصول کرنے کی وجہ سے متعدد مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ سب سے اہم یہ ہے کہ ڈرائیور سڑک کے منظر نامے سے غافل ہوجاتا ہے۔ گاڑی ٹریک سے ہٹ جاتی ہے اور کبھی کبھار اس کی رفتار مدہم ہوجاتی ہے۔ متعدد گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا جاتی ہیں۔ سگنل بھی غفلت کی وجہ سے بعض اوقات توڑ دیتے ہیں۔ اس طرح کئی سنگین خلاف ورزیاں ہوجاتی ہیں۔ 
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: