Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

‏شہباز گل کو جسمانی ریمانڈ پر بھیجنے کی نظرثانی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی

عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کو نو اگست کو بنی گالہ سے گرفتار کیا گیا تھا (فوٹو: پی آئی ڈی)
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ‏شہباز گل کو جسمانی ریمانڈ پر بھیجنے کی نظرثانی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔
منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے بغاوت پر اکسانے کے الزام میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیشن جج کو تحریک انصاف کے رہنما شہباز گِل کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست دوبارہ سننے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ’ایڈووکیٹ جنرل کی دوبارہ جائزہ لینے کی درخواست قابل سماعت ہے، سیشن جج درخواست کو قابل سماعت جان کر میرٹ پر فیصلہ کریں۔‘
عدالت نے حکم دیا کہ ’ایڈووکیٹ جنرل کی درخواست سیشن کورٹ میں زیر التوا تصور کی جائے، آج ہی جسمانی ریمانڈ پر دوبارہ جائزے کی درخواست سیشن کورٹ میں سنی جائے۔‘
اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کو سیشن جج کے پاس پیش ہو کر دلائل دینے کی ہدایت کی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کو نو اگست کو بنی گالہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد سیشن کورٹ نے مزید جسمانی ریمانڈ دینے سے انکار کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، جس کے خلاف ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کی جانب سے درخواست دی گئی تھی۔

شہباز گِل کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی

دوسری جانب اسلام آباد کی سیشن عدالت میں ‏شہباز گل کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل منگل ہی کو ایڈیشنل سیشن جج زیبا چودھری نے کہا تھا کہ ’اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم نامہ آنے کے بعد درخواست کو دیکھتے ہیں۔‘

شیئر: