Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تجارتی اداروں کے کارکنان پر ’پروفیشن لائسنس‘ کی پابندی

فیصلے پر عمل درآمد یکم جون 2023 سے شروع ہوگا (فائل فوٹو: الریاض)
سعودی وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور نے مختلف تجارتی اداروں کے کارکنان کے لیے ’پروفیشن لائسنس‘ کی پابندی لگائی ہے۔ اس پر عمل درآمد یکم جون 2023 سے شروع ہوگا۔ 
الاقتصادیہ کے مطابق وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور کا کہنا ہے کہ ’کسی بھی قسم کے کاروبار کے کارکن کو یکم جون 2023 سے ’پروفیشن لائسنس‘ حاصل کرنا ہوگا۔ اس کے بغیر اسے متعلقہ کاروبار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔‘
وزارت نے کہا ہے کہ’ یہ لائسنس پیشہ ورانہ سرگرمیوں اور کاروباری ادارے کے پرمٹ کے اجرا اور توسیع کے لیے ضروری ہوگا۔ یہ کام وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے پروفیشن ٹیسٹ پروگرام کے تعاون سے کیا جائے گا۔‘
وزارت بلدیات نے کہا کہ ’بعض تجارتی سرگرمیوں کے لیے پروفیشن لائسنس کاروباری پرمٹ کے اجرا اور توسیع کے لیے بنیادی شرط کے طور پر لیا جائے گا۔‘ 
وزارت کا کہنا ہے کہ’ کاروباری ادارے میں کم از کم ایک پروفیشن لائسنس ہولڈر کی موجودگی لازمی ہوگی تاکہ کاروبار پیشہ ورانہ انداز میں انجام پائے اور ادارے میں موجود دیگر اہلکار اس کے تجربے اور اس کی لیاقت سے فائدہ اٹھائیں‘۔ 
وزارت نے کاروباری اداروں کے مالکان سے کہا ہے کہ’ وہ پہلی فرصت میں اپنے ملازمین کے پروفیشنل لائسنس جاری کرالیں تاکہ ان کے اداروں کے لائسنس کے  اجرا یا توسیع کے وقت کام معطل نہ ہو‘۔ 
وزارت کا کہنا ہے کہ ’پروفیشن لائسنس کی پابندی کی بدولت کاوباری اداروں کے درمیان مسابقتی ماحول بہتر ہوگا۔ اس کی بدولت کاروباری اداروں کے کارکنان وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود سے پروفیشن ٹیسٹ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی قابلیت پیدا کریں گے۔
وزارت 81 پیشوں کے لیے پروفیشن ٹیسٹ کا فیصلہ کیے ہوئے ہے۔ یہ لائسنس آسانی سے حاصل کیا جاسکے گا۔ اس کے لیے تربیتی کورس کرنا ہوگا۔ کورس پورا کرنے والوں کو مقررہ شرائط پر پورا اترنے پر پروفیشن لائسنس دیا جائے گا۔ 

شیئر: