Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں شادی شدہ خاتون سے تین افراد کی مبینہ زیادتی

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس کیس میں انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے تین افراد کے خلاف ایک شادی شدہ خاتون سے زیادتی کرنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔
اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹریٹ میں متاثرہ خاتون کی جانب سے ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ’خاتون کرائے کا مکان حاصل کرنے کی خواہش مند تھیں کہ سعد نامی شخص نے انھیں کال کی کہ میں نے آپ کے لیے مکان ڈھونڈا ہے آ کر دیکھ لیں۔ متاثرہ خاتون شام سات بجے اپنے ایک بچے کے ہمراہ کشمیر ہائی وے اور کلب روڈ کے سنگم پر واقع کشمیر چوک پہنچی جہاں سے ملزم انھیں اپنے گھر لے گیا۔‘
ایف آئی آر کے مطابق ’ملزم سعد نے بچے کو دوسرے کمرے میں بند کر کے شام سات بجے سے رات 11 بجے تک خاتون کو متعدد مرتبہ زیادتی کا نشانہ بنایا اور گلے سے سونے کی چین بھی چھین کر اتار لی۔‘
’11 بجے ملزم سعد نے اپنے دوست عبداللہ کو بلایا اور اس نے رات 11 سے دو بجے تک خاتون کے ساتھ زیادتی کی۔ جس کے بعد ان دونوں نے اپنے ایک تیسرے نامعلوم دوست کو بلایا۔ اس نے بھی خاتون سے زیادتی کی۔‘
متاثرہ خاتون کے مطابق ملزمان نے صبح سات بجے انہیں وہاں سے باہر نکالا اور دھمکی دی ’اگر کسی کو بتایا تو بچے سمیت جان سے مار دیں گے۔‘
ایف آر میں لکھا ہے کہ ’ملزمان نے اگلے روز پھر متاثرہ خاتون کو فون کر کے بلایا اور نہ آنے کی صورت میں قتل کی دھمکیاں دیں جس کے بعد متاثرہ خاتون پولیس سٹیشن پہنچی اور ایف آئی آر درج کرائی۔‘
اردو نیوز کے رابطہ کرنے پر تھانہ سیکریٹریٹ حکام نے بتایا کہ خاتون کی درخواست کے بعد دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ تیسرے ملزم کی تلاش جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ’متاثرہ خاتون کا طبی معائنہ کرا لیا گیا ہے جس کی رپورٹ کا انتظار ہے۔ اس کے بعد ملزمان کا بھی طبی معائنہ کرایا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر ڈی این اے بھی کروائیں گے۔‘
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس کیس میں انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔ 

شیئر: