Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور مصر کی مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز

مشقیں محمد نجیب فوجی اڈے و دیگر تربیتی علاقوں میں منعقد کی جا رہی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب نے مصر کے محمد نجیب فوجی اڈے پر گذشتہ روز اتوار سے شروع ہونے والی فوجی مشقوں ہرکولیس-2 میں شرکت کی ہے۔
سعودی عرب کی نیوز ایجنسی ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق رائل سعودی لینڈ  فورسز کئی دنوں تک جاری رہنے والی مشقوں میں حصہ لے رہی ہے، مشقوں میں  مصر، متحدہ عرب امارات، یونان اور قبرص کے  فوجی یونٹس بھی شامل ہیں۔

فوجی عہدیداروں نے گہرے روابط اور تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ فوٹو عرب نیوز 

مصرکی مسلح افواج کے ترجمان غریب عبدالحفیظ کے بیان کے مطابق ان مشقوں میں اردن، امریکہ، جمہوریہ کانگو اور بحرین مبصر کے طور پر حصہ لے رہے ہیں۔
مصری فوجی ترجمان کرنل غریب عبدالحفیظ نے کہا ہے کہ تربیت کے پہلے مرحلے میں حصہ لینے والے یونٹوں کے انضمام اور ان سے واقفیت کا طریقہ کار، تربیت میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں اور آلات کی نمائش کے ساتھ ساتھ سائبر سیکیورٹی اور بین الاقوامی انسانی قانون پر مختلف لیکچرز شامل ہیں۔
کرنل عبدالحفیظ نے مزید کہا ہے کہ یہ فوجی تربیتی مشقیں مصر اور دیگرممالک کے درمیان فوجی تعلقات کو فروغ دینے اور تصورات کو یکجا کرنے کے تسلسل کے طور پر کی جا رہی ہیں۔

مشقوں میں اردن اور بحرین مبصر کے طور پر حصہ لے رہے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

ان فوجی  مشقوں کا مقصد مشترکہ کارروائی کو فروغ دینا اور ہائی ٹیک ہتھیاروں کے استعمال سے واقفیت کا تبادلہ کرنا بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ فوجی مشقیں محمد نجیب فوجی اڈے اور شمال ملٹری زون کے دیگر تربیتی علاقوں میں منعقد کی جا رہی ہیں۔
دریں اثنابحرین کے دفاعی امور کے وزیر لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ بن حسن النعیمی نے سعودی عرب کی مسلح افواج کی تعمیراتی منصوبہ بندی اور بجٹ اتھارٹی کے چیئرمین میجر جنرل عادل عواد العتیبی کا منامہ میں استقبال کیا ہے۔
ان فوجی عہدیداروں نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے روابط اور تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
 

شیئر: