Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف کا ڈیپارٹمنٹل گیمز کو بحال کرنے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’ڈیپارٹمنٹل گیمز پر جو پابندی لگی تھی اس کو میں آج ختم کر رہا ہوں‘ (فوٹو: پی ایم آفس)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیپارٹمنٹل کھیلوں کی بحالی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان اسلام آباد میں کامن ویلتھ گیمز اور اسلامک گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ڈیپارٹمنٹل گیمز پر جو پابندی لگی تھی اس کو میں آج ختم کر رہا ہوں۔‘
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نئی سپورٹس پالیسی تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا۔
اس پالیسی کے تحت کرکٹ سمیت تمام کھیلوں میں ڈیپارٹمنٹس کے کردار کو ختم کرتے ہوئے ریجن کی سطح پر کھیلوں کو فروغ دینا کا اعلان کیا گیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان کے اس فیصلے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین میں ترمیم کی گئی اور 16 ٹیموں پر مشتمل ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کو ختم کرتے ہوئے ریجن کی بنیاد پر 6 ٹیمیں بنائی گئی تھیں۔
اس فیصلے پر ماضی میں کھلاڑیوں اور کھیلوں کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے تنقید کی تھی اور وزیراعظم سے ڈیپارٹمنٹل کھیلوں کی بحالی مطالبہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ اس فیصلے کے بعد کھلاڑیوں سمیت کوچنگ سٹاف اور کھیلوں سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد کو بے روزگاری کا بھی سامنا رہا۔ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ 6 ٹیموں تک محدود ہونے کے بعد متعدد کھلاڑی بیرون ملک چلے گئے تھے۔

شہباز شریف نے کامن ویلتھ گیمز اور اسلامک گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا (فوٹو: پی ایم آفس)

اس فیصلے پر اس وقت کے ہیڈ کوچ اور سابق کپتان مصباح الحق سمیت محمد حفیظ اور دیگر کھلاڑیوں نے سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی اور کھلاڑیوں کی بے روزگاری پر آواز اٹھاتے ہوئے وزیراعظم سے فیصلہ واپس لینے کی درخواست کی تھی۔
تاہم وزیراعظم نے اس ملاقات میں تمام کھلاڑیوں کی درخواست کو رد کرتے ہوئے کہا تھا کہ کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے ریجنز کی بنیاد پر ہی کرکٹ ہونی چاہیے۔
خیال رہے کہ سابق کپتان عمران خان اقتدار میں آنے سے قبل بھی پاکستان میں کھیلوں کے ڈومیسٹک ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے حامی تھے۔

شیئر: