Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اللہ تعالی ہر آفت اور بلا سے پاکستان کی حفاظت کرتا رہے: ڈاکٹر السدیس

ہماری قیادت قابل قدرو تحسین ہے۔ (فوٹو سبق)
حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی منظوری دے کر مملکت کے تاریخی روایتی موقف کو اجاگر کیا ہے کہ سعودی عرب، پاکستان اور اپنے برادر عوام کی معیشت کے استحکام کے حوالے سے پرعزم تھا، ہے اور رہے گا۔
سبق  اور حرمین شریفین انتظامیہ کی ویب سائٹس کے مطابق  ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ خوشی اور غمی میں پاکستانی بھائیوں کا ساتھ سعودی قیادت کا شیوہ ہے۔ اس پر ہماری قیادت قابل قدرو تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ  سعودی قیادت نے ہمیشہ ہر شعبے میں پاکستان اور سعودی مضبوط تعلقات کے استحکام کا خیال رکھا ہے۔
ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ پاکستانی معیشت کی خاطر وہاں سرمایہ کاری کا فیصلہ اچنبھے کی بات نہیں۔ یہ  مسلم اور دوست اقوام کے مسائل سے سعودی قیادت کی دلچسپی کا پتہ دیتا ہے۔
ڈاکٹر السدیس نے دعا کی کہ اللہ  تعالی پاکستانی عوام کی ہر بلا سے حفاظت کرے انہیں امن و ایمان اور صحت و خوشحالی کی نعمت سے ہمیشہ نوازتا رہے اور سرمایہ کاری کے فیصلے کو خادم حرمین شریفین اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعمال صالحہ کا حصہ  بنائے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: