Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تربیت کے لیے امریکہ میں موجود ڈچ کمانڈوز پر فائرنگ، تین زخمی

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں (فوٹو: اے پی اے)
نیدرلینڈز کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ امریکہ میں موجود اس کے تین کمانڈوز ہوٹل کے باہر ہونے والی فائرنگ سے زخمی ہو گئے ہیں، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے وزارت دفاع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ تربیت کے لیے ریاست انڈیانا کے شہر انڈیاناپولس جانے والے کمانڈوز اسی ہوٹل میں رہائش پذیر ہیں جہاں رات کے وقت فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مقامی پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے اور ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
واقعے کی انکوائری کرنے والی انڈیانا پولیس (آئی ایم پی ڈی) کے ساتھ فوری طور پر رابطہ نہیں ہو سکا۔
تاہم اس کے ایک اہلکار نے نیوز چینل فاکس 59 کو بتایا کہ واقعے سے قبل ہیمپٹن کے علاقے میں ان کا جھگڑا ہوا تھا اور اس واقعے کا اس سے تعلق ہو سکتا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ابھی ہم جو بتانا چاہ رہے ہیں وہ یہ ہے کہ یہ کوئی ایسا معاملہ نہیں تھا جو ہوٹل کے اندر ہوا، بلکہ اس سے قبل ایک اور مقام پر ہونے والا جھگڑا واقعے کی وجہ ہو سکتا ہے۔‘
علاوہ ازیں پینٹاگان کے ترجمان سے جب اس حوالے سے سوال پوچھا گیا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے کمانڈوز کون ہیں اور کس کے ساتھ ٹریننگ کر رہے تھے اور کیا کوئی امریکی اہلکار اس میں ملوث ہے تو اس کے جواب میں ان کا صرف یہ کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔
مقامی میڈیا نے انڈیانا نیشنل گارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ کمانڈوز مسکاٹاٹک کے ٹریننگ سینٹر میں زیرتربیت ہیں جو کہ انڈیانا پولس کے جنوب مشرق میں 65 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

شیئر: