Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون ملک سے آنے والے مسافروں پر ’پاس ٹریک‘ میں ڈیٹا درج کرنے کی پابندی ختم

پاس ٹریک ایپ پر رجسٹریشن کا اطلاق صرف 12 سال سے زائد عمر پر تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں پر صحت سے متعلق ڈیٹا کے اندراج کی شرط ختم کر دی ہے۔  
اردو نیوز کے پاس دستیاب سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک نوٹیفیکشن کے مطابق ’بیرون ملک سے آنے والے مسافر سفر سے قبل پاس ٹریک ایپ میں ڈیٹا درج کیے بغیر سفر کرسکیں گے۔‘  
نوٹیفیکیشن کے مطابق ’پاس ٹریک ایپ کا استعمال روک دیا گیا اور اس فیصلے کااطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔‘ 
خیال رہے کہ کورونا وبا کے بعد پاکستان نے بیرون ملک سے آنے والوں  کے لیے  پاس ٹریک ایپ متعارف کروائی تھی۔ بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے سفر سے پہلے تمام تر معلومات کا ایپ میں اندراج لازمی قرار دیا گیا تھا۔موبائل ایپلیکشن پاس ٹریک میں ڈیٹا کا اندراج 5مئی 2021 سے لازمی قرار دیا گیا تھا۔ 
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نوٹیفیکیشن کے مطابق ’کورونا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے پاس ٹریک ایپ کے استعمال کو روک دیا گیا ہے تاہم متعلقہ محکمہ صحت کے حکام کی ہدایات کی روشنی میں مسافروں پر پاس ٹریک ایپ میں ڈیٹا کا اندراز دوبارہ نافذ کیا جاسکتا ہے۔‘  
واضح رہے کہ پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے پاس ٹریک ایپ پر رجسٹریشن کا اطلاق صرف 12 سال سے زائد عمر پر تھا  جبکہ معذور افراد کو پاس ٹریک کی رجسٹریشن سے استثنی دیا گیا تھا۔ 
سول ایوی ایشن کے مطابق سفارتکاروں کوپاس ٹریک سےاستثنی دیا گیا تھا جبکہ جو مسافر اسمارٹ فون کا استعمال نہیں جانتے تھے بورڈنگ سے قبل ایجنٹوں کے ذریعےاندراج کیا جاتا تھا۔  

شیئر: