Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران پانچ پاکستانی فوجی، چار دہشت گرد ہلاک

آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں ایک آپریشن کے دوران شدت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک افسر سمیت پانچ فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔
پیر کو ایک بیان میں پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا تھا کہ ’سکیورٹی فورسز نے پیر کے روز شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں چار ’دہشت گرد‘ مارے گئے۔‘
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ ’ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد ’متحرک انداز میں سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں فوج کے کپتان اور جنوبی وزیرستان کے رہائشی عبدالولی، ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے نائب صوبیدار نواز، سرگودھا سے تعلق رکھنے والے حوالدار غلام علی، میانوالی سے تعلق رکھنے والے لانس نائیک الیاس اور میانوالی کے ہی رہائشی ظفراللہ بھی ہلاک ہوگئے۔’
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا مزید کہنا تھا کہ ’علاقے میں سرچ آپریشن کیا جارہا ہے تاکہ اگر وہاں کوئی اور دہشت گرد عناصر ہوں تو انہیں ختم کیا جاسکے۔‘
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ’پاکستانی فوج دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔‘

شیئر: