Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وہ غیر ملکی جنکے فائنل ایگزٹ کی مدت ختم ہو چکی ہو وہ بھی مہلت سے مستفیض ہو سکتے ہیں ، کرنل شلہوب

مہلت کے دوران شعبہ ترحیل سے خروج نہائی حاصل کرنے کے بعد غیرضروری مملکت میں قیام نہ کریں ، عام معافی صرف وطن واپسی کےلئے ہے ، ترجمان جوازت کا اردو نیوز کو انٹرویو
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ڈائریکٹر جنرل جوازات کے ترجمان کرنل طلال شلہوب نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کو دی جانے والی مہلت سے وہ افراد بھی مستفیض ہو سکتے ہیں جن کے کفیل نے انکا فائنل ایگزٹ لگایا ہوا ہے اور اس کی مدت ختم ہو گئی ۔ اردو نیوز کو سوالات کاجواب دیتے ہوئے کرنل شلہوب نے مزید کہا کہ مہلت کا اعلان 19 مارچ 2017 سے قبل جن افراد کے کفیلوں نے انکا فائنل ایگزٹ لگایا ہوا ہو اور انہیں معلوم نہیں ہوا وہ بھی اس مہلت سے مستفیض ہو سکتے ہیں ایسے افراداپنے ریجن کے محکمہ پاسپورٹ کی ویب سائٹ پر وقت لیں جس کے بعد وہ اپنے جوازات کے ذیلی ادارے ڈیپوٹیشن سینٹر سے رجوع کریں تاکہ انکا فائنل ایگزٹ ( خروج نہائی ) لگایا جاسکے ۔ ایک سوال پر کرنل شلہوب کا کہنا تھا کہ غیرقانونی تارکین کو دی جانے مہلت سے استفادہ وہ افراد کرسکتے ہیں جو خود کوپیش کریں گرفتار کئے جانے کی صورت میں وہ کسی مہلت سے مستفیض نہیں ہو سکیں گے ۔ محکمہ پاسپورٹ ( ترحیل ) سے جن کا خروج نہائی لگایا جاچکا ہے وہ بلا کسی تاخیر کے وطن روانہ ہو جائیں ۔ تاخیر کی صورت میں انکے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔کرنل شلہوب کا کہنا تھا کہ یہ امر واضح ہے کہ 29 مارچ 2017 سے 90 روزہ مہلت صرف فائنل ایگزٹ کےلئے ہے اس مہلت کے دوران کسی قسم کا نقل کفالہ یا رہائشی پرمٹ ( اقامہ ) کی تبدیلی کی رعایت نہیں دی گئی ۔ مہلت کے دوران جانے والوں کو بلیک لسٹ نہیں کیا جائیگا اور وہ کسی بھی دوسرے ویزے پر جب چاہیں مملکت آسکتے ہیں ان پر کوئی پابندی نہیں ہو گی ۔ جبکہ مہلت کے اعلان سے قبل غیر قانونی تارکین کو بلیک لسٹ کر دیاجاتا تھا کسی بھی ویزے پر 3 برس کےلئے مملکت نہیں آسکتے تھے ۔ حالیہ دی جانے والی عام معافی کے دوران جو افراد جائیں گے وہ اس پابندی سے آزاد ہو نگے ۔شلہوب نے مزید کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد مملکت کو غیر قانونی مقیمین سے صاف کرنا ہے ۔ قانون کی پاسداری ہر ایک پر لازم ہے ۔ مہلت کے دوران فائنل ایگزٹ کے حوالے سے سوال پر کرنل شلہوب کا کہنا تھا کہ عام معافی کی مہلت کا آغاز 29 مارچ 2017 کو ہوا تھا جو 90 دن کےلئے دی گئی ہے اس دوران جن افراد کے معاملات مکمل ہو جاتے ہیں اور شعبہ ترحیل سے انکا فائنل ایگزٹ اسٹمپ ہو جاتا ہے انہیں چاہئے کہ وہ کسی تاخیر کے بغیر اپنے ملکوں کو روانہ ہو جائیں ۔ غیر معمولی تاخیر انکے لئے مفید نہیں ہوگی ۔ اس امر کو بھی مدنظر رکھیں کہ شعبہ ترحیل سے جن افرادکا فائنل ایگزٹ لگایا جاتا ہے وہ ملک روانگی کےلئے ہے اس لئے 90 روزہ مہلت کے دوران جن افراد کا خروج نہائی اسٹیمپ ہو جاتا ہے وہ فورا ً سیٹ بک کریں اور اپنے ملک روانہ ہوجائیں ۔ 

 

شیئر: