Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابشر پلیٹ فارم پر دی جانے والی چار نئی سہولتیں کون سی ہیں؟

مختلف قانونی کارروائیوں کے لیے متعلقہ اداروں کے پاس جانے کی ضرورت نہیں رہے گی ( فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی وزارت داخلہ نے ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے ملنے والی سروسز میں چار سہولتوں کا اضافہ کیا ہے۔
امن عامہ کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل محمد بن عبداللہ البسامی نے پیر کو ابشر کے ذریعے چار نئی خدمات کا افتتاح کیا۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود وزارت داخلہ اور اس کے ماتحت اداروں سے متعلق تمام امور آن لائن کرانے کا عزم رکھتے ہیں۔
امن عامہ کے ڈائریکٹر نے جن چار سہولتوں کو ابشر میں شامل کیا ہے ان میں سے ایک سرکاری اداروں سے مختلف امور کی انجام دہی کے لیے آن لائن گارنٹی ہے۔ اس کی بدولت ٹریفک حادثات پر گارنٹی کی کارروائی آن لائن کرائی جا سکے گی۔ اس کے لیے محکمہ ٹریفک سے رجوع نہیں کرنا پڑے گا۔ 

امن عامہ کے ڈائریکٹر نے ابشر کے ذریعے 4 نئی خدمات کا افتتاح کیا ہے (فوٹو: عکاظ)

مختلف قانونی کارروائیوں کے لیے متعلقہ اداروں کے پاس جانے کے بجائے اس گارنٹی کے ذریعے کام چلایا جا سکے گا۔ 
دوسری سہولت یہ دی گئی ہے کہ ہتھیار لے کر چلنے کے لیے اجازت نامہ آن لائن حاصل کیا جا سکے گا۔ اس کے لیے وزارت داخلہ سے رجوع کرنے کی ضرورت نہیں رہے  گی۔ 
سعودی شہری اور مقیم غیرملکی اپنی گاڑیوں کی اصلاح و مرمت کے لیے اجازت نامہ آن لائن حاصل کرسکیں گے۔ اس کے لیے انہیں محکمہ ٹریفک جانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ 
 پرائیویٹ سیکٹر کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں کی سروسز بھی آن لائن حاصل کی جا سکیں گی۔ اس کے لیے بھی دفاتر سے رجوع نہیں کرنا پڑے گا۔
یاد رہے کہ وزارت داخلہ ای پلیٹ فارم ابشر کے ذریعے اپنے مختلف اداروں سے 350 سے زیادہ کام آن لائن کروا رہی ہے۔

شیئر: