Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب نے پاکستانی سیلاب زدگان کی مدد کے لیے فضائی پل قائم کردیا

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے پاکستانی سیلاب زدگان کی مدد کے لیے فضائی پل قائم کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے منگل کو ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پاکستانی سیلاب زدگان کی مدد کے لیے فـضائی پل کا افتتاح کیا۔
منگل کی شب امدادی سامان لے کر پہلی پرواز جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پہنچی جہاں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور پاکستانی حکام نے امداد وصول کی۔
ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ’منگل کو دو طیارے امدادی سامان لے کر پاکستان کے لیے روانہ ہوگئے۔ ان پر 180 ٹن غذائی اشیا، دوائیں اور شیلٹر کا سامان موجود ہے۔‘
انہوں نے کہاکہ ’اس امدادی سامان سے 19 ہزار سے زیادہ سیلاب زدگان کو فائدہ پہنچے گا۔ آئندہ چند روز کے دوران کم از کم دس امدادی طیارے پاکستان بھیجے جائیں گے۔‘
شاہ سلمان مرکز کے ڈائریکٹر نے کہا کہ’ ایک طرف طیاروں کے ذریعے امدادی سامان سیلاب زدگان کے لیے بھیجا جارہا ہے دوسری جانب شاہ سلمان مرکز اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے اور پاکستانی حکام کے تعاون سے اندرون ملک امدادی سامان کی ترسیل اور فراہمی کا اہتمام کررہا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ سعودی عرب قدرتی آفات سے متاثرین کی مدد کی پالیسی پر گامزن ہے۔ برادر اور دوست ممالک سب کے ساتھ مصیبت میں کھڑے ہونا سعودی عرب کا شیوہ ہے‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے پیر کو پاکستانی سیلاب زدگان کی مدد کے لیے قومی عطیات مہم کا آغازکیا تھا۔ یہ مہم ’ساھم‘ پلیٹ فارم کے ذریعے چلائی جارہی ہے۔

عطیات مہم شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر شروع کی گئی ہے(فوٹو ایس پی اے)

شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات  کے سربراہ ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ  کا کہنا ہےکہ ’عطیات مہم شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر شروع کی گئی ہے اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اس کی نگرانی کررہے ہیں‘۔ 
ان کا کہنا تھا کہ’ پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے عطیات مہم کا فیصلہ پاکستان اور سعودی عرب اور دونوں ملکوں کے برادر عوام کے گہرے برادرانہ تعلقات کا عکس ہے۔
ڈاکٹر الربیعہ نے اہل خیر سے اپیل کی تھی کہ’ وہ ساھم پلیٹ فارم اور ساھم ایپ کے ذریعے بڑھ چڑھ کرمدد کریں۔ ایپ کی ویب سائٹ یا سعودی بینکوں میں مرکز کے اکاؤنٹس میں بھی عطیات جمع کرائے جاسکتے ہیں‘۔ 

شیئر: