Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے عطیات مہم شروع کرنے کا اعلان

سعودی عرب نے پیر کو پاکستانی سیلاب زدگان کی مدد کے لیے قومی عطیات مہم کا آغازکیا ہے۔ یہ مہم ’ساھم‘ پلیٹ فارم کے ذریعے چلائی جارہی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات  کے سربراہ ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے کہاکہ ’عطیات مہم شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر شروع کی گئی ہے اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اس کی نگرانی کررہے ہیں‘۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے پیر کو بیان میں کہا کہ’ برادر ملک پاکستان بدترین قدرتی المیے سے گزر رہا ہے۔ کئی عشروں سے اس کی مثال نہیں ملتی۔ سیلاب ملک کے ایک تہائی علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’متاثرین کی تعداد  33 ملین سے زیادہ ہوچکی ہے۔ 1300 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے جبکہ 13 ہزار سے زیادہ بیمار ہیں۔ ساڑھے پانچ لاکھ سے زیادہ مکانات مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں جبکہ دس لاکھ مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ سڑکیں، پل اور تجارتی مراکز سیلاب اور طوفانی بارش سے متاثر ہیں‘۔ 
انہوں نے کہا کہ’ پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے عطیات مہم کا فیصلہ پاکستان اور سعودی عرب اور دونوں ملکوں کے برادر عوام کے گہرے برادرانہ تعلقات کا عکس ہے۔
ڈاکٹر الربیعہ نے اہل خیر سے اپیل کی کہ’ وہ ساھم پلیٹ فارم اور ساھم ایپ کے ذریعے بڑھ چڑھ کرمدد کریں۔ ایپ کی ویب سائٹ یا سعودی بینکوں میں مرکز کے اکاؤنٹس میں بھی عطیات جمع کرائے جاسکتے ہیں‘۔ 
ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا کہ ’شاہ سلمان مرکز بیرونی دنیا کے لیے عطیات جمع کرنے والا واحد بااختیار سعودی ادارہ ہے۔ تمام اہل خیر ’ساھم‘ پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستانی عوام کی مدد کے لیے آگے آئیں‘۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ’ عطیات مہم، پاکستان میں سیلاب کا المیہ شروع ہونے کے بعد سے پاکستانی بھائیوں کی مدد کے لیے جاری مشن کا حصہ ہے‘۔

ڈاکٹر الربیعہ نے اطمینان دلایا کہ ’امداد مستحق افراد تک پہنچانے کا انتظام ہے‘ ( فوٹو ایس پی اے)

ڈاکٹر الربیعہ نے اطمینان دلایا کہ ’امداد مستحق افراد تک پہنچانے کا انتظام ہے۔ امداد کی ترسیل اور تقسیم کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے‘۔ 
یاد رہے کہ شاہ سلمان مرکز خیبرپختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں فوڈ باسکٹس کی تقسیم کرا رہا ہے۔ دو ہزار 422 فوڈ باسکٹس بنوں کے بکا خیل اور قبائلی علاقے میں تقسیم کی جاچکی ہیں۔ ان سے 16 ہزار954  افراد کو فائدہ پہنچا ہے۔ 
سعودی عرب دنیا بھر کے ممالک خصوصا مسلم بھائیوں کی قدرتی آفات کے موقع پر مدد کی پالیسی پر گامزن ہے۔ 
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز کے ترجمان ڈاکٹر سامر الجطیلی نے الاخباریہ چینل کو بتایا کہ ’ہنگامی بنیاد پر دو سعودی طیارے امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچیں گے۔ چند دنوں میں پانچ  طیارے بھیجے جائیں گے‘۔
ترجمان نے کہا کہ’ شاہ سلمان مرکز پاکستان میں مختلف مقامات پر امدادی مراکز قائم کیے ہوئے ہے۔ بری راستے  سے امدادی سامان کی ترسیل کا سلسلہ  جاری ہے اور رہے گا‘۔ 
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کا کہنا ہے کہ ’پاکستان کے لیے 100 ٹن امدادی سامان بھیجا جائے گا۔‘
یاد رہے کہ شاہ سلمان مرکز خیبر پختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں فوڈ باسکٹس تقسیم کرا رہا ہے۔ دو ہزار 422 فوڈ باسکٹس بنوں کے بکا خیل اور قبائلی علاقے میں تقسیم کی جاچکی ہیں۔ ان سے 16 ہزار 954 افراد کو فائدہ پہنچا ہے۔

شیئر: