Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سیلاب متاثرین سے اگست اور ستمبر کے بجلی کے بل نہیں لیے جائیں گے‘

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ سیلاب کا نشانہ بننے والے علاقوں کے رہائشیوں سے اگست اور ستمبر کے بجلی کے بل وصول نہیں کیے جائیں گے۔
بدھ کو بلوچستان کے علاقے صحبت پورہ دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب زدگان میں اب تک 24 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں اور ہر گھرانے کو 25 ہزار روپے دیے گئے۔
انہوں نے فیول ایڈجسٹمنٹ ٹیکس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کو پچھلے مہینے ہی واپس لے لیا گیا تھا اور تین سو یونٹ استعمال کرنے والوں کو 35 ارب روپے کا ریلیف دیا۔
شہباز شریف نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی کے بل کی معافی صرف گھریلو صارفین تک محدود نہیں، بلکہ کمرشل صارفین بھی اس میں شامل ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے اس اقدام سے ستمبر میں کروڑ 10 لاکھ صارفین کو 14 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔
شہباز شریف نے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائیں پھوٹنے کے خدشے کے پیش نظر فوری طور پر علاقوں میں منرل واٹر فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
قبل ازیں وہ علاقے میں پہنچے تو مقامی حکام نے انہیں سیلاب اور امدادی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

شیئر: