Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف کا بجلی کے بلوں پر ریلیف دینے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’ایک کروڑ 71 لاکھ صارفین کو بجلی کے بلوں پر فیول ایڈجسٹ منٹ چارجز نہیں دینا پڑیں گے۔‘
’ہم تیل باہر سے مہنگا درآمد کرتے ہیں اور پھر آئندہ ماہ بجلی کے بلوں میں اسے ایڈجسٹ کردیا جاتا ہے، جولائی اور اگست میں فیول ایڈجسٹ منٹ کے چارجز میں زیادہ اضافہ ہوا۔‘
منگل کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’باقی ایک کروڑ 30 لاکھ صارفین کو بھی بجلی کے بلوں پر ریلیف دینے پر غور کر رہے ہیں۔‘
’3 لاکھ زرعی ٹیوب ویل صارفین کو اضافی فیول ایڈجسٹ منٹ کی مد میں رقم نہیں دینا پڑے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’فیول ایڈجسٹ کی رقم میں اضافے سے بجلی استعمال کرنے والے کروڑوں صارفین کو سخت تکلیف پہنچی اور ان پر اضافی بوجھ پڑا۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’نوازشریف کی ہدایت تھی کہ یہ ہمیں کسی بھی طور پر قابل قبول نہیں ہے۔ میں نے نواز شریف کی ہدایت پر اس کا نوٹس لیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’تاجروں کو فکسڈ ٹیکس سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، اسے ختم کردیا گیا ہے۔‘
’چھوٹے تاجروں کو مشکل میں نہیں ڈال سکتے، اس سے انہیں بے پناہ مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑا۔‘

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’باقی ایک کروڑ 30 لاکھ صارفین کو بھی بجلی کے بلوں پر ریلیف دینے پر غور کر رہے ہیں‘ فائل فوٹو: اے ایف پی)

وزیراعظم نے کہا کہ ’تاجروں پر فکسڈ ٹیکس ہماری حکومت کی مرضی کے خلاف لگیا گیا۔ فکسڈ ٹیکس کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے کمیٹی بنا دی ہے۔’
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ’فکسڈ ٹیکس کے خاتمے سے حکومت کو 42 ارب روپے خسارہ ہوگا جسے دیگر ذرائع سے پورا کیا جائے گا۔‘
’گذشتہ حکومت کی ناقص کارکردگی سے ملک دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ چکا تھا، موجودہ حکومت کی کوششوں سے ملک کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ٹل گیا ہے۔’
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، ہمارے اقدامات سے عوام کی مشکلات کم ہوں گی۔‘

شیئر: