Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نریندر مودی کی سالگرہ، نمیبیا سے چیتے انڈیا پہنچ گئے

خصوصی چارٹرڈ کارگو فلائٹ نمیبیا سے آٹھ چیتوں کو لے کر انڈیا پہنچی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی کی سالگرہ پر آٹھ چیتے ریاست مدھیہ پردیش کے کونو نیشنل پارک میں چھوڑے جا رہے ہیں۔
یہ چیتے نمیبیا سے ایک خصوصی طیارے پر انڈیا لائے گئے ہیں۔
انڈین وزیراعظم نریندر مودی ان چیتوں کو جنگل میں چھوڑنے کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے کونو نیشنل پارک پہنچے۔
انڈین ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ایک لاکھ ہیکٹر سے زیادہ کے رقبے پر پھیلے کونو نیشنل پارک میں چھوڑے جانے سے قبل ان کم عمر چیتوں کو ایک ماہ اسی علاقے میں قرنطینہ میں رکھا جائے گا تاکہ مدھیہ پردیش کی آب و ہوا کے عادی ہو جائیں۔ 
قبل ازیں خصوصی چارٹرڈ کارگو فلائٹ جو نمیبیا سے آٹھ چیتوں کو لے کر سنیچر کی صبح مدھیہ پردیش کے گوالیار میں واقع انڈین ایئر فورس کے اڈے پر اتری۔
حکام کے مطابق نمیبیا کے آٹھ چیتوں کو انڈیا میں لانا ایک منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت ان کی افزائش نسل کی جائے گی۔ 
جنگلی چیتوں کو نمیبیا کے دارالحکومت ونڈہوک کے شمال میں واقع گیم پارک سے سڑک کے ذریعے ایک چارٹرڈ بوئنگ 747  تک پہنچایا گیا جس کو ’کیٹ پلین‘ کے نام منسوب کر کے اس پر چیتے کو پینٹ کیا گیا تھا۔
نمیبیا سے یہ چیتے 11 گھنٹے کی پرواز میں انڈیا پہنچائے گئے۔
نمیبیا میں انڈیا کے ہائی کمشنر پرشانت اگروال کے مطابق یہ منصوبہ دنیا کے سب سے تیز دوڑنے والے چیتوں کی پہلی بین البراعظمی نقل مکانی ہے۔
انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’یہ تاریخی واقعہ ہے۔ عالمی سطح پر پہلی مرتبہ ہو رہا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم سب پرجوش ہیں کیونکہ یہ انڈیا کی آزادی کے 75 ویں سال میں ہو رہا ہے۔‘

شیئر: