Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنگل انٹری وزٹ ویزے کی مدت میں توسیع کا طریقہ کار کیا ہے؟

توسیع کرانے سے قبل کارآمد میڈیکل انشورنس پالیسی حاصل کی جائے(فائل فوٹو اے ایف پی)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے قانون کے مطابق مملکت میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کے سپانسرز کے ذمے کارکنوں کی دستاویزات مکمل رکھنے کی ذمہ داری ہوتی ہے جس میں کارکنوں کا اقامہ، ان کی سالانہ میڈیکل انشورنس، خروج وعودہ یا فائنل ایگزٹ ویزے کا اجرا ودیگر امور کی انجام دہی شامل ہے۔ 
 جوازات کے ٹوئٹر پرایک شخص نے دریافت کیا’ فیملی کے ساتھ مقیم ہوں ،بیٹی کو تعلیم کے لیے ملک جانا ہے' کیا ایک برس کےلیے خروج وعودہ لگایا جاسکتا ہے؟ 
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ ’ایک برس یا اس سے زائد مدت کا خروج وعودہ حاصل کرنے کےلیے لازمی ہے کہ اقامہ کی مدت بھی اتنی ہو‘۔ 
’خروج وعودہ ویزہ اقامہ کی مدت کا تعین کرنے کے بعد جاری ہوتا ہے۔ اگراقامہ کی ایکسپائری میں 8 ماہ ہیں تو اس صورت میں ایک برس کےلیے خروج وعودہ نہیں لگایا جاسکتا‘۔ 
واضح رہے سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کی جانب سے غیرملکی کارکنوں اورانکے ساتھ مقیم اہل خانہ کے خروج وعودہ کےلیے یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ جتنی مدت کےلیے خروج وعودہ درکار ہے اتنے دنوں یا ماہ کے لیے خروج وعودہ ویزا حاصل کرنا ممکن ہے۔ 
ماضی میں طلبہ کے لیے جو مملکت میں اپنے والدین کے ساتھ مقیم ہوتے تھے لیکن اعلی تعلیم کےلیے مملکت سے باہر جاتے تھے کو زیادہ سے زیادہ 8 سے 10 ماہ کا خروج وعودہ جاری کیاجاتا تھا تاہم اس کے لیے بھی اقامے کی مدت کا تعین ضروری ہوتا تھا۔ 
گزشتہ برس سے سعودی محکمہ جوازات کی جانب سے تارکین کو یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کےلیے ماہانہ بنیاد پرخروج وعودہ ویزا جاری کراسکتے ہیں۔ 
بیرون مملکت رہتے ہوئے بھی ان کے خروج وعودہ کی مدت میں اضافہ کرنا ممکن ہوتا ہے جبکہ ماضی میں ایسی کوئی سہولت نہیں ہوا کرتی تھی۔ 

خروج وعودہ ویزے کےلیے 100 ریال ماہانہ فیس ہوتی ہے( فائل فوٹو ایس پی اے)

خروج وعودہ کےلیے 100 ریال ماہانہ فیس ہوتی ہے۔ اس حساب سے جتنی مدت کے لیے خروج وعودہ درکار ہوتا ہے اتنی مدت کی فیس جمع کرانے کے بعد خروج وعودہ کی مدت میں بیرون مملکت رہتے ہوئے بھی توسیع کرائی جاسکتی ہے۔  
محکمہ پاسپورٹ کے ٹوئٹر پروزٹ ویزے کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا’ سنگل انٹری وزٹ ویزے کی مدت میں توسیع کرانے کا کیا طریقہ ہے ؟‘ 
اس حوالے سے جوازات کا کہنا تھا کہ’ فیملی وزٹ ویزے کی مدت میں توسیع کرانے سے قبل لازمی ہے کہ کارآمد میڈیکل انشورنس پالیسی حاصل کی جائے جس کے بعد وزٹ ویزا جس کی میزبانی میں جاری ہوا ہے وہ اپنے ابشر اکاونٹ سے ویزے کی توسیع کے لیے فیس جمع کرانے کے بعد ویزے کی مدت میں توسیع کرانے کے لیے مقررہ کارروائی مکمل کرے‘۔ 
خیال رہے وزٹ ویزے کی مدت میں توسیع کرانے سے قبل اس امر کی یقین دہانی ضروری ہے کہ وزٹ ویزے کے لیے جس کمپنی کی میڈیکل انشورنس حاصل کی گئی ہے وہ کمپنی سعودی انشورنس کونسل میں رجسٹرڈ ہوکیونکہ میڈیکل انشورنس کی پالیسی براہ راست جوازات کے سسٹم میں اپ لوڈ ہوتی ہے جس کے بعد ہی ویزے کی مدت میں توسیع کی کارروائی مکمل کی جاسکتی ہے۔ 
غیرمنظور یا غیر رجسٹرڈ کمپنی سے میڈیکل انشورنس حاصل کرنا ویزے کی توسیع کے لیے مشکل کا باعث بنتی ہے جس سے جوازات کا خودکارسسٹم اسے قبول نہیں کرتا اور ویزے کی مدت میں توسیع نہیں ہوسکتی۔ 

شیئر: