Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چکوال جلسے سے واپسی کے دوران شبلی فراز عمران خان کے پائلٹ کیوں بنے؟ 

شبلی فراز ایئر فورس میں بطور کمیشنڈ پائلٹ آفیسر فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔ (فوٹو: اے پی پی)
سابق وزیراعظم عمران خان کی  پیر کو چکوال جلسے سے واپسی کے موقع پر ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کی طبیعت ناساز ہوگئی جس پر عمران خان کے چیف آف سٹاف شبلی فراز کو معاون پائلٹ کا کردار ادا کرنا پڑا۔
پی ٹی آئی کے ذرائع نے اردو نیوز کو تصدیق کی کہ سابق وزیراعظم عمران خان جس وقت چکوال جلسے کے لیے کمرشل ہیلی کاپٹر کے ذریعے پہنچے تو واپسی پر پرواز سے قبل ہی اس ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کی طبیعت ناساز ہوگئی جس کی وجہ سے انہوں نے پرواز کرنے سے معذرت کر لی۔
سول ایوی ایشن رولز کے تحت ایمرجنسی کے بغیر معاون پائلٹ کو پرواز کی اجازت نہیں تاہم اس موقع پر سینیٹر شبلی فراز کا پائلٹ کا تجربہ کام آیا اور سابق وزیراعظم عمران خان گاڑی کے بجائے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہی پیر کی رات بنی گالہ پہنچے۔
پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا کہ ’چکوال جلسے کے بعد جب پائلٹ نے طبیعت کی ناسازی کا بتایا تو پائلٹ نے معاون پائلٹ کے بغیر ہیلی کاپٹر کے ذریعے سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ تاہم شبلی فراز نے اس موقع پر کمرشل پائلٹ کے تجربے کو استعمال کرتے ہوئے معاون پائلٹ کا کردار ادا کیا اور رات کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سابق وزیراعظم بنی گالہ پہنچے۔ دوران پرواز سینیٹر شبلی فراز مرکزی پائلٹ کی مدد کرتے رہے۔‘
واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر اور عمران خان کے چیف آف سٹاف شبلی فراز ایئر فورس میں بطور کمیشنڈ پائلٹ آفیسر فرائض سر انجام دے چکے ہیں جبکہ کمرشل پائلٹ کے طور پر بھی انہوں نے کام کر رکھا ہے۔
چکوال سے واپسی کے سفر کے دوران ہیلی کاپٹر میں سینیٹر شبلی فراز اور مرکزی پائلٹ کے علاوہ سابق وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ان کا سیکیورٹی عملہ بھی موجود تھا۔

شیئر: