Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ کا اجلاس، ولی عہد کی سربراہی میں جدہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم

کابینہ نے ریاض میں ڈیجیٹل کوآپریٹو آرگنائزیشن کے ہیڈکوارٹر کے قیام کا خیر مقدم کیا ہے( فوٹو ایس پی اے)
  سعودی کابینہ  نے تہذیبوں کے درمیان افہام و تفہیم کے فروغ اور انتہا پسندی کے انسداد کے حوالے سے بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ 
سعودی کابینہ نے ولی عہد کی سربراہی میں جدہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی تشکیل کی منظوری بھی دی ہے۔
کابینہ کا اجلاس منگل کو جدہ کے قصر السلام میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقد ہوا۔  
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کابینہ نے جدہ پروجیکٹس مینجمنٹ آفس کو جدہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں تبدیل کرنے کی منظوری دی۔ مجلس انتظامیہ تشکیل دی گئی جس کی قیادت ولی عہد کریں گے جبکہ گورنر مکہ مکرمہ، نائب گورنر، وزیر ثقافت، کمشنر جدہ، وزیر تجارت، وزیر سیاحت، گورنر پبلک انویسٹمنٹ فنڈ، انجینیئر ابراہیم السلطان اور میئر جدہ اتھارٹی کے ممبر ہوں گے۔
کابینہ نے مملکت کے 92 ویں یوم وطنی پر اس بات کے لیے اللہ تعالی کا شکر ادا کیاکہ وہ  سعودی عرب، اس کی قیادت اور عوام کو مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ کی خدمت کا اعزاز عطا کیے ہوئے ہے۔ کابینہ نے اس بات پر بھی اللہ کی حمد و ثنا بیان کی کہ وہ مملکت کو اپنے وفادار عوام اور پاکیزہ اقدار پر عمل پیرا رہنے کی توفیق عطا کیے ہوئے  ہے۔ 
کابینہ کو سعودی عرب اور متعدد ملکوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات اور ملاقاتوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔
کابینہ نے برادر اور دوست ممالک اور ان کےعوام سے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں برادر اور دوست ممالک کے ساتھ  تعلقات میں مزید مضبوطی کی خواہش کا اظہار کیا۔
قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ’ کابینہ میں اس ہفتے سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والی علاقائی و بین الاقوامی کانفرنسوں کے حوالے رپورٹیں پیش کی گئیں‘۔

کابینہ نے کامن ویلتھ جزائر بہاماس کے ساتھ  سفارتی تعلقات کی منظوری دی ہے( فوٹو ایس پی اے)

سعودی کابینہ نے آرٹیفشل انٹیلی جنس ورلڈ سمٹ کے ریاض میں انعقاد کے موقع پر ملکی اور بیرونی پرائیویٹ نیز سرکاری سیکٹرز کے درمیان 40 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کو اہم کامیابی قرار دیا اور کہا کہ اس کارکردگی سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی عرب آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے ترقیاتی اہداف حاصل  کرنے کے لیے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ 
کابینہ نے ریاض میں ڈیجیٹل کوآپریٹو آرگنائزیشن کے ہیڈکوارٹر کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ سعودی عرب اس شعبے سے تعلق رکھنے والے تمام اقدامات کی سرپرستی میں دلچسپی رکھتا ہے۔ اس سے خواتین، نوجوانوں اور آگے بڑھ کر کاروباری پروگرام شروع کرنے والوں کی مدد ہوگی۔ ڈیجیٹل اکانومی میں سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
قائم مقام وزیر اطلاعات نے کہا کہ’ کابینہ نے سعودی عرب کی معیشت سے متعلق کریڈنگ ریٹنگ ایجنسیوں کے مثبت تخمینوں کو اقتصادی اصلاحات کے  موثر ہونے کا ثبوت قراردیا ہے۔‘
کابینہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ’ تعمیر و ترقی کے کاررواں کو آگے بڑھانے کی پالیسی پر گامزن رہیں گے۔ اقوام عالم کے درمیان اپنی حیثیت مضبوط بنانے اور قائدانہ کردارادا کرنے کے مشن کو آگے بڑھاتا رہے گا۔‘ 
کابینہ نے وزیر خارجہ کو نیپال اور بولیویا کے ساتھ سیاسی مشاورت کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں کے لیے مذاکرات اور دستخط ، وزیر ثقافت کو جنوبی افریقہ کے ساتھ ثقافت اورآرٹس کے شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کے لیے مذاکرات و دستخط، وزیر صنعت و معدنیات کو آسٹریلیا کے ساتھ معدنیات کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کے لیے مذاکرات و دستخط کے  اختیارات تفویض کیے ہیں۔ 
کابینہ نے کامن ویلتھ جزائر بہاماس کے ساتھ سعودی عرب کے سفارتی تعلقات کے قیام کی منظوری دی۔ وزیر خارجہ کو اس حوالے سے پروٹوکول پر دستخط کا اختیار  تفویض کیا۔ 
کابینہ نے شہزادی سارہ بنت مساعد بن عبدالعزیز آل سعود، شہزادی نوف بنت محمد بن عبداللہ آل سعود، ڈاکٹر ھدی بنت محمد العمیل اور ڈاکٹر الھام بنت منصور الدخیل کو امور اطفال و خواتین و معمر افراد کے حوالے سے فیملی امور کونسل کا رکن مقرر کیا ہے۔ 

شیئر: