Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوم الوطنی پرفرضی ’سیل‘ لگانے والوں کے خلاف تفتیشی کارروائیاں

فرضی سیل لگانے والے دکانداروں پرجرمانے کیے جاتے ہیں
وزارت تجارت کی ٹیمیں یوم الوطنی کی مناسبت سے تجارتی اداروں کی جانب سے لگائی جانے والی ’سیل‘ کے حوالے سے تفتیشی کارروائیاں کررہی ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن میں وزارت تجارت کی ٹیموں نے مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا تاکہ اس امر کی یقین دہانی کی جاسکے کہ تجارتی اداروں کی جانب سے جن رعایتی نرخوں کا اعلان کیا گیا ہے وہ فرضی تونہیں۔
اس ضمن میں وزارت کی تفتیشی ٹیمیں ان دکانوں اورشورومز کا جائزہ لے رہی ہیں جن کی جانب سے سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے گاہکوں کو راغب کرنے کے لیے رعایتی نرخوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

فرضی سیل کا اعلان کرنا خلاف قانون عمل ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

تفتیشی ٹیموں کے اہلکارسیل کا اعلان لگانے والی دکانوں کا جائزہ لیتے ہیں جس میں وہ سیل سے قبل اشیا کے نرخ اوردی جانے والی رعایت کا موازنہ کرتے ہیں ۔
وزارت تجارت کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق تجارتی مصنوعات پرلگائی جانے والی سیل کے قوانین واضح ہیں, وہ ادارے جو اپنی مصنوعات پرسیل کا اعلان کرتے ہیں انہیں وزارت سے باقاعدہ لائسنس حاصل کرنا ہوتا ہے تاکہ صارفین کو فرضی اشتہاروں سے محفوظ رکھا جاسکے۔
فرضی سیل لگانے والوں کے خلاف وزارت تجارت کی جانب سے سخت تادیبی کارروائی کی جاتی ہے۔ قانون کے مطابق لائسنس کے بغیر سیل کا اشتہارلگانا قانونی طورپرمنع ہے ایسا کرنے پردکاندار کے خلاف جرمانہ بھی کیاجاتاہے۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ کسی بھی فرضی سیل کے بارے میں وزارت کے ٹول فری نمبر1900 یا وزارت کی مخصوص ایپ ’بلاغ تجاری‘ پراطلاع فراہم کی جائے۔

رعایتی نرخوں کا اعلان کرنے سے قبل لائسنس حاصل کرنا ضروری ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

واضح رہے مملکت میں تجارتی اشیا پرسیل لگانے کے لیے لائسنس حاصل کرنے کا طریقہ انتہائی آسان ہے ۔ لائسنس لینے کے لیے دکاندار کو اپنی مصنوعات کی اصل قیمت اوررعایت کے بعد کے نرخ وزارت تجارت کو فراہم کرنا ہوتے ہیں جنہیں دیکھنے کے بعد دکان میں سیل کا بورڈ یا بینرلگانے کی اجازت دی جاتی ہے۔

شیئر: