Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تجارتی مراکز میں’ سالانہ سیل‘ کے حوالے سے نئے ضوابط کیا ہیں؟

تجارتی مراکز کو رعایتی سکیم سے قبل سیل پرمٹ حاصل کرنا ہوگا( فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزارت تجارت نے آن لائن کاروبار کرنے والے اداروں اور تجارتی مراکز کے لیے ’ سالانہ سیل‘ کے حوالے سے ضروری ضوابط جاری کیے ہیں۔
اخبار 24  کے مطابق وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ’ آن لائن کاروبار کرنے والا جو ادارہ یا کوئی تجارتی مرکز رعایتی سکیم شروع کرنا چاہتا ہو تو اسے اس کا اعلان کرنے سے قبل سیل پرمٹ حاصل کرنا ہوگا‘۔
اس سے صارفین کو معلوم ہو سکے کہ کس چیز کی قیمت میں کیا کمی کی گئی ہے۔ سیل سے قبل کیا قیمت تھی اوراب سیل میں اس کی قیمت کیا رکھی گئی ہے۔
صارفین بارکوڈ کے ذریعے رعایتی پیشکش سے قبل اور سیل کے بعد والی قیمت کے بارے میں اطمینان حاصل کرسکیں گے۔ 
وزارت تجارت نے کہا کہ’ تجارتی ادارے رعایتی پیشکشوں کی پابندی کریں۔ اشیا کی قیمتیں بڑھا کر اسے کم کرنے کا تاثر دینے کی کوشش نہ کی جائے‘۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ ’اشیا کی قیمتوں میں کمی کی شرح مقرر کرکے بتایا جائے کہ کتنے سے کتنے فیصد تک قیمت کم کی جارہی ہے‘۔
’تمام تجارتی اداروں پر پابندی لگائی گئی ہے کہ وہ سیل سے قبل اور اس کے بعد کی قیمت کو نمایاں کرنے کے لیے اشیا پر اس حوالے سے ٹیگ لگایں۔ یہ بھی بتائیں کہ پیشکش کے دوران سامان کی تبدیلی کن اصولوں کے مطابق ہوگی‘۔ 
وزارت تجارت نے مزید کہا کہ’ کاروباری ادارے پیشکش میں شامل مصنوعات تیار کرنے والی کمپنیوں کے گارنٹی لیٹر جاری کرنے کا بھی اہتمام کریں‘۔ 

شیئر: