Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیکس فراڈ، گلوکارہ شکیرا کو سپین میں مقدمے کا سامنا

شکیرا کو ٹیکس فراڈ کے جرم میں آٹھ سال قید اور بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
معروف کولمبیئن گلوکارہ شکیرا کو ٹیکس فراڈ کے الزام میں سپین میں مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
عرب نیوز کے مطابق منگل کے روز ہسپانوی جج نے شکیرا کے خلاف ٹیکس فراڈ کے الزام میں مقدمے چلانے کا حکم دیا ہے۔
’وکا وکا گرل‘ شکیرا پر 2012 سے 2014 کے درمیان آمدنی پر بننے والے 13.9 ملین ڈالرز کے ٹیکس کو 2018 میں جمع نہ کروانے کا الزام ہے۔
شکیرا کو ٹیکس فراڈ کے جرم میں آٹھ سال قید اور بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب 45 سالہ شکیرا کی جانب سے الزامات کو رد کیا گیا ہے اور ان کی پبلک ریلیشن فرم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’انہوں نے 28 لاکھ ڈالر سود کی مد میں اپنے ٹیکس کے علاوہ جمع کروائے ہیں۔‘
کولمبیئن سپر سٹار شکیرا کی 2011 میں سپینش فٹ بالر جیرارڈ پِیکے سے دوستی ہوگئی تھی جو بعد میں محبت میں بدل گئی اور یہ جوڑا اکثر باہاماس میں رہائش پذیر ہوتا تھا، تاہم رواں سال شکیرا اور جیرارڈ پِیکے کا بریک اپ ہوگیا تھا۔
پراسیکیوٹرز کے مطابق شکیرا جیرارڈ پِیکے کے ساتھ 2012 سے 2014 کے درمیان باہاماس کے بجائے زیادہ تر سپین کے شہر بارسلونا میں رہتی رہی ہیں جس کے بعد ان پر ٹیکس نہ دینے کا الزام ہے۔
شکیرا کے خلاف ٹیکس فراڈ کے مقدمے کی سماعت کی تاریخ کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے سپین میں حکومت اور پولیس کی جانب سے مشہور فٹ بالرز لائنل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو پر ٹیکس نہ دینے پر کریک ڈاؤن کیا گیا تھا۔

شیئر: