Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برٹنی سپیئرز کی ’زندگی کا بہترین دن‘، والد کی سرپرستی سے چھٹکارا

برٹنی سپیئرز کے والد گذشتہ 13 سال سے ایک قانون کے تحت ان کی زندگی کے تمام معاملات کی نگرانی کر رہے تھے (فوٹو: روئٹرز)
لاس اینجلس کی ایک عدالت نے امریکی گلوکارہ برٹنی سپیئرز کے والد کا بطور سرپرست ان کی زندگی سے متنازع کردار ختم کر دیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق برٹنی سپیئرز کے والد گذشتہ 13 سال سے ایک قانون کے تحت ان کی زندگی کے تمام معاملات کی نگرانی کر رہے تھے جسے 39 سالہ گلوکارہ نے ’ظالمانہ اور توہین آمیز‘ قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ 39 سالہ گلوکارہ کے ایک دہائی سے زائد عرصہ پہلے ڈپریشن میں جانے کے بعد سے ان کے والد جیمی سپیئرز وسیع پیمانے پر ان کے مالی اور ذاتی معاملات دیکھ رہے تھے۔

2008  میں عدالت نے جیمی سپیئرز کو برٹنی سپیئرز کی زندگی کے معاملات کا کنٹرول سونپا تھا۔ اس نطام کو کنزرویٹرشپ کہا جاتا ہے۔

گذشتہ سال انہوں نے اپنے والد کو سرپرستی سے ہٹانے اور اپنی جائیداد کا مکمل اختیار ایک مالیاتی ادارے کو دینے کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

عدالت کے باہر برٹنی سپیئرز کے مداح بڑی تعداد میں موجود تھے جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ ان پلے کارڈز پر ’فری برٹنی‘ اور امریکی گلوکارہ کی حمایت میں نعرے درج تھے۔

فیصلہ سننے کے بعد برٹنی کے فینز نے پُرجوش ہو کر خوشی کا اظہار کیا۔ برٹنی سپیئرز نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’زندگی کا بہترین دن۔ خدا کا شکر ہے۔ مجھے اس پر یقین ہی نہیں ہو رہا۔‘

(اس آرٹیکل کی تصاویر خبر ایجنسی روئٹرز سے لی گئی ہیں)

شیئر: