Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چین اور امریکہ کے مل کر کام کرنے تک موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا ناممکن ہے‘

وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں دنیا کو سیلاب کی تباہی سے آگاہ کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکہ اور چین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تمام سیاسی تنازعات کو ایک طرف رکھتے ہوئے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کریں۔
 عرب نیوز کے مطابق وڈرو ولسن انٹرنیشنل سینٹر فار سکالرز کے زیراہتمام راؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کہنا تھا کہ ’جب تک امریکہ اور چین مل کر موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے کام نہیں کریں گے ہم تب تک زمین کو بچا سکیں گے اور نہ ہی موسمیاتی تبدیلیوں پر قابو پا سکیں گے۔‘
وزیر خارجہ کا یہ بیان وزیراعظم شہباز شریف کے اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر کئی ممالک کے سربراہان سے ملاقات اور جنرل اسمبلی سے خطاب کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’کسی بھی تنازع سمیت باقی ہر معاملے وقتی طور پر روک کر رکھا جا سکتا ہے، ہم تبھی ایک دوسرے سے لڑ سکیں گے جب یہ زمین سلامت رہے۔‘
بلاول بھٹو نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’اس حوالے سے شعور اجاگر کی ضرورت ہے۔‘
گزشتہ ہفتے کئی ممالک میں نوجوان سماجی کارکنوں نے موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی صورت حال کے خلاف ریلیاں نکالیں۔
نیوزی لینڈ سے جاپان، جرمنی اور نیویارک کی گلیوں تک میں احتجاج دیکھنے میں آیا جس میں امیر ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ گلوبل وارمنگ پر غریب ممالک کو رقوم ادا کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل اسمبلی میں پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے اس کی شدت میں اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں 1600 افراد ہلاک ہوئے اور تین کروڑ 30 لاکھ کے قریب افراد خطرے میں ہیں۔
عالمی سربراہان کے اجتماع کے موقع پر بھی موسمیاتی تبدیلیوں کو ایجنڈے میں سرفہرست رکھا گیا تھا۔
اس موقع پر حالیہ سیلاب سے 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان اٹھانے والے پاکستان کے رہنماؤں نے دنیا کو ملک کے حالات سے آگاہ کیا اور قرضوں کی واپسی میں ریلیف اور امداد کی درخواست کی تھی۔

شیئر: