Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اقوام متحدہ کی فشریز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرے گا

کمیٹی نے بین الاقوامی کوششوں کی سپورٹ کے اعتراف میں متفقہ طور پر ووٹ دیا ( فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کو 2024 میں روم میں ہونے والے اقوام متحدہ کے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کی فشریز کمیٹی کے 36 ویں اجلاس کی صدارت کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق  سعودی وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت کے حکام نے نوٹ کیا کہ 126 رکنی ریاستی کمیٹی نے پائیدار ماہی گیری اور آبی زراعت کو فروغ دینے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی سپورٹ میں اس کے قائدانہ کردار کے اعتراف میں متفقہ طور پر مملکت کو ووٹ دیا۔
سعودی وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت نے ماہی گیری کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے مچھلی کے ذخیرے اور مجموعی طور پر صنعت کے تحفظ کے لیے ایک قومی پروگرام قائم کیا ہے۔
سعودی وزارت نے بحیرہ احمر اور خلیج عرب میں ماہی گیری کی بندرگاہوں کو جدید بنانے کے اقدامات کے ساتھ کشتیوں کی خریداری میں چھوٹے پیمانے پر ماہی گیروں کی مدد کے لیے رعایتی قرضوں بھی فراہم کیے ہیں۔
قومی پروگرام نے اب تک 35 سے زائد ممالک میں زرعی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے میں مدد کی ہے۔
اس نے سعودی عرب اور بین الاقوامی سطح پر خصوصی مراکز بھی چلائے ہیں اور سیکٹر ورکرز کے درمیان پائیدار ماہی گیری کے انتظام کے طریقوں کو فروغ دینے کے لیے کوآپریٹو سوسائٹیز کے قیام کی حمایت بھی کی ہے۔
سعودی وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت نے ساحلی دیہی ترقی کی سکیموں کی سپورٹ کی ہے۔ آبی زراعت، مچھلیوں اور دیگر آبی حیاتیات کی کنٹرول شدہ کاشت کو فروغ دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن میں سعودی عرب کے مستقل نمائندے محمد الغامدی فشریز کمیٹی کے 36 ویں اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں نیوزی لینڈ، امریکہ، ناروے، چلی، ملائیشیا اور سینیگال کے نائب سربراہان شرکت کریں گے۔
فشریز کمیٹی ایک بین الحکومتی فورم ہے جہاں تنظیم کے اراکین فشریز اور آبی زراعت کے مسائل اور چیلنجوں کا جائزہ لینے اور جانچنے کے لیے ملاقات کرتے ہیں۔
یہ کمیٹی 1965 میں قائم کی گئی تھی اور یہ آبی زراعت اور مچھلی کی تجارت پر ذیلی کمیٹیوں پرمشتمل ہے۔

شیئر: