سعودی عرب کے صنعتی سیکٹر میں ایک لاکھ سے زیادہ خواتین ملازم
مملکت میں اس وقت 12 ہزار سے زائد لائسنس یافتہ فیکٹریز ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی معاون وزیر صنعت و معدنی وسائل ڈاکٹر عبداللہ الاحمری نے کہا ہے کہ’ مملکت خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے درست سمت میں گامزن ہے، صنعتی شعبوں میں خواتین کے لیے بہترین ماحول فراہم کیا گیا ہے۔‘
اخبار 24 کے مطابق ریاض میں اقوام متحدہ کی صنعتی ترقی کی تنظیم کی 21 ویں جنرل کانفرنس اورعالمی مینوفیکچرنگ اینڈ انڈسٹریلائزیشن سمٹ کے تحت مذاکراتی سیشن جس کا عنوان ’خواتین کو بااختیار بنانا اور صنعت کو تبدیل کرنا: پائیدار مستقبل کی جانب رہنمائی‘ تھا میں حصہ لیا۔
سعودی معاون وزیر نے کہا ’مملکت میں اس وقت 12 ہزار سے زائد لائسنس یافتہ فیکٹریز ہیں، جہاں ایک لاکھ سے زیادہ خواتین بہترین طریقے سے خدمات انجام دے رہی ہیں جہاں خواتین کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے کوشاں ہیں۔‘
خواتین کو بااختیار بنانے کے دن کی تقریبات میں متعدد اجلاس منعقد ہوئے، جامع صنعتی پالیسیوں ، مستقبل کی صنعتوں میں خواتین کا کردار اور سائنس و ٹیکنالوجی انجیئنرنگ و ریاضی کے شعبوں میں ان کی شرکت کی توسیع کے حوالے سے مفید معلومات کا تبادلہ کیا گیا۔
اجلاس کے تیسرے دن خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر ’اورنج آور‘ کے عنوان سے تقریب کا اختتام ہوا جس میں 170 ممالک کے نمائندوں نے خواتین کے تحفظ اور مختلف شعبوں میں انہیں بااختیار بنانے کے عزم کی تجدید کی۔
