وزیراعظم شہباز شریف کی بحرین کے بادشاہ سے ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور
وزیراعظم شہباز شریف کی بحرین کے بادشاہ سے ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور
بدھ 26 نومبر 2025 17:41
وزیراعظم شہباز شریف نے بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات کی اور دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اور تاریخی شراکت داری پر گفتگو کی۔
بدھ کو وزیراعظم کے دفتر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے امن، رواداری اور بقائے باہمی کو فروغ دینے میں بحرین کی قیادت کو سراہا۔
ملاقات کے دوران بحرین کے بادشاہ نے وزیراعظم کو آرڈر آف بحرین (فرسٹ کلاس) پیش کیا، جو کہ بحرین کی جانب سے عالمی سربراہان کو پیش کیے جانے والا سب سے بڑا اعزاز ہے۔
ملاقات میں بحرین کے بادشاہ نے شہباز شریف کو بتایا کہ بحرین کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے بحرین کی قانونی نمائندگی کی۔
بحرین کے بادشاہ نے کہا کہ ’ہمارے ریکارڈ میں موجود دستاویزات کے مطابق محمد علی جناح بحرین کے وکیل رہے۔‘
دونوں اطراف نے دو طرفہ تعلقات میں حوصلہ افزا رفتار کا جائزہ لیا اور سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے مشترکہ ایمان اور باہمی احترام پر مبنی دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے ستمبر 2025 میں اسلام آباد میں کنگ حمد یونیورسٹی فار نرسنگ اینڈ الائیڈ میڈیکل سائنسز کے قیام سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر بحرین کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی پاکستان کی خواہش کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جی سی سی آزاد تجارتی معاہدے، جو کہ اپنے حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے، کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔
دونوں رہنماؤں نے غزہ کی حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا (فوٹو: پی ایم آفس)
وزیراعظم نے بحرینی سرمایہ کاروں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے پاکستان میں مختلف شعبوں بالخصوص غذائی تحفظ، آئی ٹی، تعمیرات، کان کنی، سیاحت اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔
وزیر اعظم نے بحرین میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مہمان نوازی کی بھی تعریف کی اور پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی پر حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے غزہ کی حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا، اور اس بات پر اتفاق کیا کہ غزہ کے عوام کے لیے جو کئی دہائیوں سے مصائب کا شکار ہیں، امن و استحکام کا قیام انتہائی خوش آئند ہے، جس کے غزہ کے عوام عرصہ دراز سے منتظر تھے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان پائیدار دوستی اور تعاون کو مزید مستحکم کرے گا۔ ملاقات کے اختتام پر بحرین کے بادشاہ نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔