پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ فوجی مشق ’البطار۔ II‘ تبوک میں اختتام پذیر
سعودی عرب اور پاکستان کی انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں مشترکہ فوجی مشق البطار-II تبوک میں اختتام پذیر ہو گئی ہیں۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بدھ کو جاری کردہ بیان کے مطابق یہ مشقیں 18 سے 26 نومبر 2025 تک جاری رہیں۔
اس مشق میں پاکستان آرمی کے سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) اور سعودی عرب کی آرمی کی کومبیٹ ٹیموں نے حصہ لیا۔ مشق کی اختتامی تقریب 26 نومبر کو تبوک میں منعقد ہوئی۔
بیان کے مطابق پاکستان کی طرف سے سپیشل سروسز گروپ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ نے بطورِ مہمانِ خصوصی اختتامی تقریب میں شرکت کی جبکہ سعودی عرب کے سینیئر فوجی عہدے دار بھی موجود تھے۔
دونوں برادر ممالک کے دستوں نے پوری مشق کے دوران پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیت اور باہمی تعاون کے غیرمعمولی معیار کا مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق البطار-II کا مقصد انسدادِ دہشت گردی کے آپریشنز میں مشترکہ مہارت کو بڑھانا تھا جس میں خاص طور پر شہری علاقوں میں لڑائی، دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈیز) کا مقابلہ کرنے اور مربوط تربیت کے ذریعے حکمت عملی کی مشقوں اور طریقہ کار کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔
’اس مشق نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے اور تاریخی فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔‘
’اس تربیت کے تمام مقاصد کو کامیابی سے حاصل کیا گیا جس سے علاقائی امن، سلامتی اور باہمی دفاعی تیاری کے لیے دونوں اقوام کے عزم کو تقویت ملی۔‘
