Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کائنات امتیاز اور والدہ کی ایشیا کپ میں پاکستان کی نمائندگی ’بااختیار خواتین کی بہترین مثال‘

کائنات امتیاز نے پاکستان ویمن ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 15 ون ڈے میچزکھیلے۔ فوٹو: کائنات امتیاز انسٹا
بنگلہ دیش میں جاری ویمن ایشیا کپ میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر کائنات امتیاز اور والدہ سلیمہ امتیاز ایک ساتھ ملک کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ 
کائنات امتیاز کی والدہ نے سلہٹ میں انڈیا اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے میچ میں امپائرنگ کریں گی۔
اسی سلسلے میں کائنات امتیاز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’میں اپنی والدہ کو 2022 کے ایشیا کپ کی امپائر کے طور پر پیش کر رہی ہوں، جو کچھ انہوں نے حاصل کیا مجھے اس سے زیادہ ان پر  فخر نہیں ہوسکتا۔‘
انہوں نے اپنی والدہ کے متعلق کہا ’پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کا خواب تھا، جو میں پورا کر رہی تھی۔ ایک طویل انتظار کے بعد اب وہ پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہیں۔‘
کائنات امتیاز نے مزید کہا کہ ’میرے والد کو بھی بہت بہت مبارک ہو جنہوں نے ہر قدم پر ہمارا ساتھ دیا، ہمیں ہمت دی اور کبھی ہارنے نہ دیا۔ وہ ہمارے بہترین ناقد رہے۔‘
کائنات امتیاز کی والدہ سلیمہ امتیاز نے پہلی مرتبہ کسی انٹرنیشنل میچ میں امپائرنگ کے فرائض سر انجام دیے ہیں جبکہ اس سے پہلے وہ خواتین کے مقامی ٹورنامنٹ میں امپائرنگ کر چکی ہیں۔
کائنات امتیاز پاکستان ویمن ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 15 ون ڈے میچز اور بیس ٹی20 میچز کھیل چکی ہیں۔
کائنات امتیاز کی اس ٹویٹ کے بعد ان کی والدہ کی کامیابی کو ٹوئٹر پر سراہا جا رہا ہے۔
ٹوئٹر صارف الشباہ نے لکھا ’ماں بیٹی کی جوڑی، حقیقی ملکائیں۔ آج کے ویمن ایشیا میں سلیمہ امتیاز امپائر ہوں گی اور بیٹی کائنات امتیاز کھیلیں گی۔‘
صارف سلمان احمد نے دونوں کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ’ہماری آپ سب کے لیے خواہش ہے کہ بہترین کارکردگی دکھائیں اور ملک کا سر فخر سے بلند کریں۔‘
سپورٹس صحافی ارسلان جٹ کہتے ہیں ’یہ ویمن امپاوَرمِنٹ (بااختیار ہونے) کی حقیقی مثال ہے، آپ دونوں کے لیے نیک تمنائیں۔‘
خیال رہے ویمن ایشیا کپ بنگلہ دیش میں جاری ہے جس میں پاکستان ویمن ٹیم نے اتوار کے روز اپنے پہلے میچ میں ملائشیا کو 9 وکٹوں سے ہرایا۔

شیئر: