Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ ناقابل یقین شاٹ ہے،‘ سوشل میڈیا پر کائل میئرز کے چھکے کی گونج

آسٹریلیا نے پہلے ٹی20 میچ میں ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری دو ٹی20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈین بیٹر کائل میئرز نے کور کے اوپر چھکا لگا کر کرکٹ میں دلچسپی رکھنے والوں کے دل جیت لیے ہیں۔
کائل میئرز نے ویسٹ انڈین اننگز کے تیسرے اوور میں آسٹریلوی بولر کرس گرین کی گیند پر کور کے اوپر سے شاندار چھکا لگایا جسے دیکھ کر سب دنگ رہ گئے۔
آسٹریلیا کے شہر کرارا میں جاری ٹی20 میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔
آسٹریلیا نے یہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر 20 ویں اوور میں حاصل کرکے میچ جیت لیا۔
ٹی20 ورلڈ کپ سے پہلے دو میچز پر مشتمل یہ مختصر سیریز ویسٹ انڈیز کے آسٹریلیا کے خلاف ٹور کا حصہ ہے۔
ٹور کے بقیہ دو ٹیسٹ میچز نومبر اور دسمبر میں کھیلے جائیں گے۔
بارباڈوس سے تعلق رکھنے والے کائل میئرز نے 2020 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ڈیبیو کیا تھا جس کے بعد وہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے 13 ٹیسٹ، 17 ون ڈے اور 16 ٹی20 میچز کھیل چکے ہیں۔
کائل میئرز کی جانب سے لگائے گئے 105 میٹر لمبے اس لاجواب چھکے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی تعریفی تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
مینک کہتے ہیں کہ ’میں نے کرکٹ میں بہت سے غضب ناک شاٹس دیکھے ہیں لیکن یہ بہت غضب ناک اور شاندار شاٹ ہے۔‘
مانی نے لکھا کہ ’یہ ناقابل یقین شاٹ ہے۔ تیز بولر کے خلاف کور کے اوپر سے سیدھی شاٹ مارنا وہ بھی اتنی دور بہت خاص ہوتا ہے۔ میئرز نے بہت اعلٰی شاٹ کھیلا ہے۔

انڈیا کے سابق کرکٹر گوتم گمبھیر نے حیرانی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’کائل میئرز آپ کو یہ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
پیٹرک ایشلنگ لکھتے ہیں کہ ’میں نے اس سے اچھا شاٹ پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

شیئر: