Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سی سی کیمروں کی تنصیب کا نیا قانون،کہاں نصب کرنامنع ہے؟

ممنوعہ مقام پرکیمرے نصب کرنے پرجرمانہ عائد کیاجائے گا(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی حکومت نے  حال ہی میں ایک قانون کی منظوری دی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ  کن مقامات پر سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب ضروری ہے اور وہ مقامات کونسے ہیں جہاں کیمرے نصب کرنے کی اجازت نہیں۔ 
عربی جریدے ’عکاظ ‘ کے مطابق  نئے قانون میں بتایا گیا ہے کہ وزارت داخلہ متعلقہ اداروں کے ساتھ  یکجہتی پیدا کرکے  سیکیورٹی کیمروں اور آلات کی تنصیب کے پابند اداروں کا نظام الاوقات ترتیب دے گی۔  
نئے قانون کے بموجب رہائشی عمارتوں، کاروباری گوداموں، کمپلیکس، مارکیٹنگ سینٹرز، سرکاری اور پرائیویٹ تفریحاتی اداروں،  صحت کے سرکاری و نجی اداروں، ہسپتالوں، پولی کلینکس، شاہراہوں،  چوراہوں، شہروں اور کمشنریوں کو جوڑنے والی سڑکوں، پٹرول سٹیشنوں، گیس فروخت کرنے والے مراکز، سرکاری و نجی تعلیمی اداروں اور غذائی اشیا فراہم کرنے والے اداروں کو سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب کا پابند بنایا گیا ہے۔ 
وزارتوں، سرکاری اداروں و محکموں، تیل تنصیبات، پٹرو کیمیکل تنصیبات، بجلی گھروں، کھارے پانی کو استعمال کے قابل بنانے والے پلانٹس، سیاحتی مراکز، مالیاتی اداروں، بینکوں، ترسیل زر سینٹرز، ہاؤسنگ کمپلیکس، مساجد، مسجد الحرام، مسجد نبوی، منی، مزدلفہ و عرفات، یوتھ سینٹرز، یوتھ کلبز، سپورٹس فیلڈزو  تنصیبات ، پرائیویٹ ثقافتی اداروں، پبلک ٹرانسپورٹ کے وسائل، میلوں اور سماجی پروگراموں کے مراکز، اقتصادی و تجارتی سرگرمیوں کے مراکز، سرکاری و نجی عجائب گھروں، تاریخی مقامات اور سیاحوں کے  استقبالیہ مراکز میں سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب لازمی کردی گئی ہے۔ 

فوٹیج کا ریکارڈ منتقل کرنے کےلیے وزارت سے منظوری لینا ہوگی(فوٹو، ٹوئٹر)

کہاں کیمرے نصب نہیں کیے جاسکتے؟ 
نئے قانون میں پابندی لگائی گئی ہے کہ طبی معائنہ روم ، مریض کی نگہداشت والے کمرے، طبعی علاج روم، ٹرائل روم، باتھ روم، بیوٹی پارلرز، لیڈیز کلبز، ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹس میں رہائش گاہ، آپریشن تھیٹر اور  سپیشل مقامات میں سی سی کیمرے نصب نہیں کیے جاسکتے۔ 
قانون میں تاکید کی گئی ہے کہ ریکارڈنگ کا ریکارڈ منتقل کرنے یا نشر کرنے کے لیے وزارت یا ریاستی سلامتی کے اعلی ادارے کی منظوری لینا ہوگی۔ عدالتی فیصلے یا متعلقہ تفتیشی ادارے کی درخواست پر بھی ایسا کیا جاسکتا ہے۔ 
ممنوعہ مقامات پر کیمروں کی تنصیب قابل سزا جرم ہے۔ ایسے مقامات پر فی سی سی کیمرے کی تنصیب پر 500 ریال جرمانہ ہوگا اور سی سی کیمرے ضبط کرلیے جائیں گے۔
سی سی کیمروں کی خلاف ضابطہ تنصیب پر فی کیمرہ ایک ہزار ریال ہوگا۔ مقررہ قانون کے بموجب سی سی کیمروں کا ریکارڈ  محفوظ نہ کرنے کی صورت میں پانچ ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔ ایسے مقامات پر کیمرے لگانے پر جہاں کیمرے لگانا منع ہے 10 ہزار ریال  جرمانہ ہوگا۔
قانون کی خلاف  ورزی کرکے ریکارڈنگ منتقل یا نشر کرنے والے پر 20 ہزار ریال  جرمانہ ہوگا۔ سی سی کیمرہ سسٹم معطل کرنے یا تلف کرنے پر بھی یہی جرمانہ لگایا جائے گا۔ 

شیئر: