Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کمپنی نے میرا فائنل ایگزٹ لگا دیا، فیملی کا بھی خروج نہائی ازخود لگ گیا؟

ایگزٹ ری انٹری کے اجرا کے وقت دو ماہ کی فیس جمع کرائی جاتی ہے(فائل فوٹو اے ایف پی)
سعودی عرب میں امیگریشن قوانین کے تحت یہاں رہنے والے غیرملکیوں کو چھٹی پر جانے کے لیے ایگزٹ ری انٹری ویزا( خروج وعودہ) درکار ہوتا ہے جبکہ مملکت سے مستقل جانے کے لیے فائنل ایگزٹ( خروج نہائی) لگایا جاتا ہے۔
ایگزٹ ری انٹری کے اجرا کے وقت دو ماہ کی فیس جمع کرائی جاتی ہے جو کہ دو سو ریال ہوتی ہے جبکہ فائنل ایگزٹ کی کوئی فیس نہیں ہے اس کے لیے موثر اقامہ اور پاسپورٹ کا ہونا ضروری ہے۔
 جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نے استفسار کیا ہے کہ’ کمپنی کی جانب سے میرا فائنل ایگزٹ لگادیا گیا۔ اس صورت میں کیا میرے اہل خانہ کا بھی خروج نہائی شمار ہوگا؟‘ 
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ’ سربراہ خانہ کا خروج نہائی لگائے جانے کی صورت میں اس کی زیرکفالت مقیم اہل خانہ کا بھی خروج نہائی ازخود لگ جائے گا‘۔  
واضح رہے سعودی عرب کے رہائشی پرمٹ کے ضوابط کے تحت غیرملکی کارکن جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مملکت میں مقیم ہیں ان کا اقامہ کمپنی یا سپانسر کے ذمہ ہوتا ہے جبکہ کارکن کی زیر کفالت اہل خانہ کے اقامے ’تابعین ‘ یعنی ڈیپنڈنٹ کی کیٹگری میں شمار کیے جاتے ہیں۔ 
کارکن کے ذمہ اہل خانہ کی ماہانہ بنیاد پرفیس ادا کرنا ہوتا ہے جوماہانہ 400 ریال کے حساب سے فی شخص وصول کی جاتی ہے۔ 
امیگریشن قوانین کے مطابق کارکن کی زیر کفالت مقیم اس کے اہل خانہ براہ راست کارکن کے اقامہ پرہوتے ہیں اس لیے جب سربراہ خانہ کا اقامہ ختم ہوتا ہے تو اس صورت میں اہل خانہ کا بھی فائنل ایگزٹ یعنی خروج نہائی از خود لگ جاتا ہے۔ 
کفالت کی تبدیلی کے حوالے سے ایک شخص نے جوازات سے دریافت کیا’ میرا پاسپورٹ ایکسپائر ہے اس صورت میں کفالت کی تبدیلی کرائی جاسکتی ہے‘؟ 
جواب میں جوازات کا کہنا تھاکہ ’کفالت کی تبدیلی کےلیے ضروری ہے کہ کارکن کے ذمہ کسی قسم کی خلاف ورزی یا اعتراضات نہ ہوں‘۔ 

۔ کفالت کی تبدیلی کے لیے شناختی دستاویزات کا مکمل ہونا بھی لازمی امر ہے(فائل فوٹو اے ایف پی)

واضح رہے پاسپورٹ بین الاقوامی شناختی دستاویز ہے جس کا ہونا ضروری ہے۔ کفالت کی تبدیلی کے لیے شناختی دستاویزات کا مکمل اور درست ہونا بھی لازمی امر ہے۔ 
کارکن کے پاسپورٹ کی جملہ تفصیلات جوازات کے مرکزی سسٹم میں فیڈ ہوتی ہیں ۔ اگرپاسپورٹ ایکسپائرہوجائے تواس صورت میں جوازات کا سسٹم الرٹ جاری کرتا ہے جس کی وجہ سے خودکارڈیجیٹل نظام اس وقت تک کارکن کے اقامے میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی اجازت جاری نہیں کرتا جب تک مطلوبہ اعتراض دورنہ کیاجائے۔ 
پاسپورٹ تجدید کرانے کے بعد نئے پاسپورٹ کا نمبر اوراس کی ایکسپائری تاریخ جوازات کے سسٹم میں فیڈ کرانا ضروری ہوتا ہے جس کے بعد سسٹم اپ ڈیٹ ہونے پرکفالت کی تبدیلی کرائی جاسکتی ہے۔ 

شیئر: