Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کے دو مزید محلوں ’ام السلم‘ اور ’کلو 14 ‘ کے انہدام کا آغاز

دونوں علاقوں میں انہدام کی کارروائی 29 اکتوبر کو مکمل کرلی جائے گی ( فوٹو عکاظ)
جدہ کے ترقیاتی منصوبے کے تحت مقررہ شیڈول کے مطابق سنیچر15 اکتوبر سے دو مزید محلوں ’ام السلم‘ اور’کلو14 ‘ کو مہندم کرنے کی کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق قدیم محلوں کے انہدام کی کارروائی سے قبل ان علاقوں میں رہنے والوں کو نوٹسز جاری کیے گئے، مہلت ختم ہونے کے بعد انہدام کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ ام السلم اور کلو 14 محلوں کے رہائشیوں کو 17 ستمبر کو عمارتیں خالی کرنے کا نوٹس دیا گیا تھا۔ یکم اکتوبر کو بجلی، پانی وغیرہ کی سہولتیں منقطع کی گئیں، اب انہدام کی کارروائی جاری ہے جو 29 اکتوبر کو مکمل کرلی جائے گی جبکہ 29 جنوری 2023 تک سارا ملبہ اٹھالیا جائے گا۔
ترقیاتی منصوبے کے تحت 32 محلوں کو مکمل طورپرمہندم کرنے کے بعد وہاں جدید ومنظم انداز میں منصوبہ بندی کے تحت نئی تعمیرات کی جائیں گی۔
اب تک جدہ کے 30 غیر منظم محلوں کو گرایا جاچکا ہے۔ ’ام السلم ‘ اور’کلو 14 ‘ کو گرائے جانے کے بعد یہ مرحلہ مکمل ہوجائے گا۔
 جدہ میں کچی بستیوں کے انہدام اور تعمیرنو کی کمیٹی کا کہنا ہے کہ ’مسمار کیے جانے والے علاقوں میں ملبہ ہٹائے جانے تک فیلڈ ورک جاری رہے گا‘۔
 کمیٹی کی جانب سے وہ علاقے جو منہدم کیے جاتے ہیں وہاں مقیم شہریوں کو نقل مکانی کی لاجسٹک خدمات کے علاوہ ان کے لیے اشیائے خورونوش کا بندوبست کیا جاتا ہے جبکہ وہ مکان مالکان جن کے پاس گھروں کی لیز ہے جب تک ان کے کلیم پرعمل نہ ہو انہیں عارضی رہائش فراہم کی جاتی ہے۔ 

شیئر: