Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کا یوکرینی شہریوں کے لیے مزید 100 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان

اضافی امداد کا فیصلہ متاثرین کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے کیا گیا ہے( فائل فوٹو دی نیشنل)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے بحران سے متاثر یوکرین کے شہریوں کے لیے سو ملین ڈالر کی ہیومینٹرین امداد فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
 امارات کے خبررساں ادارے وام کے مطابق امارات کی وزیر مملکت برائے امور عالمی تعاون ریم بنت ابراہیم الھاشمی نے بیان میں کہا کہ ’متحدہ عرب امارات کی جانب سے یوکرین کے متاثرین کے لیے نئی اضافی امداد کا فیصلہ جنگوں اور تنازعات کے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے کیا گیا ہے‘۔
’اماراتی صدر محمد بن زاید یوکرین بحران کے باعث انسانی مسائل کا دائرہ محدود سے محدود تر کرنے کے سلسلے میں ریاستی کردار ادا کررہے ہیں‘۔
ریم االہاشمی نے کہا کہ ’امارات گزشتہ مہینوں کے دوران بحران سے متاثرین یوکرین کے شہریوں کو اسی طرح کی ہیومینٹرین امداد فراہم کرچکا ہے۔ امارات نے پولینڈ اور مالدووا میں پناہ لینے والے یوکرینی باشندوں کے لیے بھی فضائی راستے سے امدادی سامان  بھیجا تھا‘۔ 
اس سے قبل امارات نے اقوام متحدہ کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر مدد کی اپیل پر یوکرین میں متاثرین کے لیے پچاس لاکھ امریکی ڈالر کی امداد کا اعلان کیا تھا۔ 
اماراتی خبررساں ایجنسی وام کے مطابق متحدہ عرب امارات نے بیان میں کہا تھا کہ ’یوکرین میں شہریوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر توجہ مرکوز کی جائے گی اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کا اہتمام کیا جائے گا‘۔

شیئر: