Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معذور شہریوں کے لیے سہولت کارڈ کا اجرا، فوائد کیا ہوں گے؟

طبی معائنے سمیت مختلف خدمات ترجیحی بنیادوں پر حاصل ہوسکیں گی۔ (فوٹو: المرصد)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ سعودی اور مقیم غیرملکی معذوروں کے لیے ’بطاقہ تشھیلات‘ سہولیات کارڈ جاری کردیا گیا۔ اس کے ذریعے انہیں متعدد سہولتیں دی جائیں گی۔ 
المرصد اور تواصل ویب سائٹس کے مطابق معذوروں کے لیے نئی سہولیات پر مشتمل  سپیشل کارڈ مصنوعی ذہانت کے قومی ادارے کے نمائندوں کی موجودگی میں متعارف کرایا گیا۔ 
نئے کارڈ کی بدولت معذور افراد کو وہ سعودی ہوں یا مملکت میں مقیم غیرملکی ہوں مختلف سہولیات دی جائیں گی۔ یہ کارڈ عربی کے علاوہ انگریزی  میں بھی ہے۔ اسے مملکت کے اندر ہی نہیں بلکہ باہر بھی استعمال  کیا جا سکتا ہے۔ 

اس کے ذریعے پارکنگ اور سفر کے رعایتی ٹکٹ دستیاب ہوں گے۔ (فوٹو تواصل)

وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ یہ کارڈ دکھا کر معذور حضرات فضائی ٹکٹ رعایت پر حاصل کرسکتے ہیں۔ پارکنگ کی سہولت بھی میسر ہوگی۔  
نئے  کارڈ میں جسے بطاقہ تسھیلات کا نام دیا گیا ہے متعدد کارڈز کو ضم کردیا گیا ہے۔ 
تسھیلات کارڈ ہولڈر کو سرکاری ٹرانسپورٹ وسائل میں پچاس فیصد تک رعایت ملے گی۔ اس کے تحت معذوروں کو کسی پابندی کے بغیر پارکنگ حاصل ہوگی۔ سرکاری عمارتوں کی پارکنگ استعمال  کرنے کی سہولت بھی مہیا ہوگی۔ 
سرکاری ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز وغیرہ میں طبی معائنے سمیت مختلف صحت خدمات ترجیحی بنیادوں پر حاصل ہوسکیں گی۔ 
تسھیلات کارڈ  کا اجرا  18 اکتوبر 2022 سے آن لائن شروع کردیا گیا ہے یہ ’توکلنا خدمات‘ ایپ اور وزارت افرادی قوت ایپ کے  ذریعے آن لائن حاصل  کیا جاسکے گا۔ اگر کسی کے پاس پہلے سے معذوروں کے لیے جاری کیے جانے والے کارڈ موجود ہوں تو انہیں نیا کارڈ حاصل  کرنے کے لیے کارروائی ضروری نہیں البتہ کسی نے اب تک یہ کارڈ حاصل نہیں کیا تو وہ مندرجہ ذیل لنک کے ذریعے https://eservices.mlsd.gov.sa  ای گیٹ سے تسھیلات کارڈ حاصل کرسکتا ہے۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: