Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان نے نااہلی کا فیصلہ عدالت میں چیلنج کر دیا

عمران خان کے وکیل علی ظفر نے عدالت سے مقدمے کی فوری سماعت کی استدعا کی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نااہلی کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
سنیچر کو عمران خان کی جانب سے وکیل علی ظفر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی۔ مقدمے کی سماعت پیر کو ہوگی۔
اپیل میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہلی کے فیصلے کو ختم کیا جائے۔
عمران خان کے وکیل علی ظفر نے عدالت سے مقدمے کی فوری سماعت کی استدعا کی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے عمران خان کی اپیل پر اعتراضات عائد کیے ہیں جن میں سے ایک میں کہا گیا ہے کہ اپیل کنندہ عدالت میں بائیو میٹرک کرانے نہیں آئے جبکہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کی مصدقہ نقل بھی منسلک نہیں کی گئی۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ بند کمرے میں کیا گیا۔ 
فواد چوہدری نے کہا کہ ’عمران خان کو نااہل قرار دے کر ایک بھونڈی کوشش کے ذریعے نواز شریف کے ساتھ لا کر کھڑا کیا گیا مگر اس کے ردعمل میں عوام کے غصے کی ایک جھلک نظر آئی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ’ہم نے جو موقع دیا وہ حکومت اور اس سے منسلک لوگ ضائع کر رہے ہیں اور اب اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں کہ باہر نکلا جائے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک الیکشن کمیشن نے فیصلے کی مصدقہ تحریری نقل بھی فراہم نہیں کی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ روز نااہلی کے فیصلے کے بعد عوام خود احتجاج کے لیے باہر نکلے اور پارٹی کی جانب سے کوئی کال نہیں دی گئی تھی۔ 
تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا تحریری فیصلہ اس لیے جاری نہیں کیا جا رہا کہ اُس میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ ’اگر آپ کے پاس فیصلہ موجود نہیں تو آپ نے کیا سنایا ہے؟‘
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے لیے تیاری کرنا پڑے گی۔
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیرِاعظم عمران خان کو نااہل قرار دے دیا تھا۔

عمران خان کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کے کارکنوں نے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

جمعے کو توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن نے قرار دیا تھا کہ عمران خان ’کرپٹ پریکٹس کے مرتکب ہوئے۔ ان کی قومی اسمبلی کی نشست خالی قرار دی جاتی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے پانچ رکنی کمیشن کا متفقہ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان کو آرٹیکل 63 ون پی کے تحت نااہل قرار دیا جاتا ہے۔
دہشت گردی کا مقدمہ درج
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے عمران خان کی نااہلی کے خلاف احتجاج کرنے والے تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں پر انسداد دہشتگردی کا مقدمہ درج کیا ہے۔
سرکار کی مدعیت میں تھانہ آئی نائن میں درج کیے گئے مقدمے میں عامر کیانی، فیصل جاوید، راجہ راشد حفیظ سمیت درجنوں افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

شیئر: