Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سے بین الاقوامی پروازوں کی منسوخی کا سلسلہ تاحال جاری

کئی مسافروں کا کہنا تھا کہ نا صرف بیرون ممالک بلکہ اندرون ملک کی بھی کئی پروازیں منسوخ ہورہی ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور فضائی حدود کی جزوی بندش کے باعث پاکستان کے مختلف شہروں سے کئی بین الاقوامی پروازیں متاثر ہو گئی ہیں۔ اس صورت حال کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات اور سفری تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق 13 مارچ 2026 کو پاکستان سے روانہ ہونے والی تقریباً 25 بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ منسوخ ہونے والی پروازوں میں زیادہ تر خلیجی ممالک، خصوصاً دبئی، دوحہ، جدہ اور مسقط جانے والی پروازیں شامل تھیں۔
ایئر پورٹ ذرائع نے اردو نیوز کو بتایا کہ پروازوں کی منسوخی سے کراچی، لاہور، اسلام آباد، ملتان اور پشاور کے بڑے ہوائی اڈے متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ سیالکوٹ، فیصل آباد، کوئٹہ اور سکردو سمیت دیگر شہروں کے مسافروں کو بھی سفری مشکلات پیش آئیں۔
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کئی مسافر اپنی پروازوں کی معلومات حاصل کرتے نظر آئے۔ اسی طرح ملتان اور پشاور کے ہوائی اڈوں پر بھی متعدد مسافروں کو پروازوں کی تاخیر اور منسوخی کا سامنا کرنا پڑا۔
کئی مسافروں کا کہنا تھا کہ نا صرف بیرون ممالک بلکہ اندرون ملک کی بھی کئی پروازیں منسوخ ہورہی ہیں، جس کی وجہ سے ان کے سفری منصوبے متاثر ہوئے۔ کچھ مسافر نوکری، کاروباری معاملات سمیت دیگر امور کے سلسلے میں اندرون ملک سفر کے لیے سفر کرنا تھا۔
ایئرلائن حکام کے مطابق مسافروں کو متبادل پروازوں پر منتقل کرنے اور ان کی رہنمائی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ متاثرہ مسافروں کو ٹکٹ کی ری بکنگ یا ریفنڈ کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ 
پاکستان ایئر پورٹ حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ آنے سے پہلے اپنی پرواز کی تازہ ترین صورت حال متعلقہ ایئرلائن سے معلوم کر لیں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔ ماہرین کے مطابق اگر خطے کی صورتحال بہتر ہو جاتی ہے تو آئندہ چند دنوں میں پاکستان کے مختلف شہروں سے پروازوں کا شیڈول دوبارہ معمول پر آنے کا امکان ہے۔

ملتان اور پشاور کے ہوائی اڈوں پر بھی متعدد مسافروں کو پروازوں کی تاخیر اور منسوخی کا سامنا کرنا پڑا۔ (فائل فوٹو: ایکس)

واضح رہے کہ 28 فروری سے مشرق وسطی میں کشیدگی کے باعث پاکستان سے خلیجی ممالک سمیت امریکہ اور یورپ کے لیے تقریبا 14 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں، جس کی وجہ سے ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
رمضان کے آخری عشرے میں عمرے کی ادائیگی کے لیے کنیکٹنگ فلائٹس لینے والے مسافر بھی پریشان ہیں اور عید الفطر کے موقع پر بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی بھی عید منانے اپنے پیاروں میں نہیں آ رہے ہیں، ایک جانب محدود پروازیں ہیں اور دوسری جانب آسمان سے باتیں کرتی ہوائی جہاز کی ٹکٹیں ہیں۔ ایسی غیرمعمولی صورت حال میں بیشتر اووسیز پاکستانی اس بار عید اپنے اپنے ممالک میں ہی منانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

 

شیئر: