Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خیبر پختونخوا: لکی مروت میں پولیس موبائل پر دھماکہ، ایس ایچ او سمیت چھ اہلکار جان سے گئے

خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے (فوٹو: کے پی پولیس)
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس کی ایک گاڑی کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں ایک سب انسپکٹر سمیت چھ پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
ضلعی پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ واقعہ جمعے کو لکی مروت کے علاقے شادی خیل بیٹنی میں اس وقت پیش آیا جب پولیس کی موبائل ٹیم معمول کے گشت پر تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت چھ اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ایک کانسٹیبل زخمی ہوا ہے جو اس وقت ہسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق واقعے کے فوری بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ دھماکے کی اصل نوعیت کے حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ اس بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔
خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ’پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی۔
لکی مروت کا شمار صوبہ خیبر پختونخوا کے ان اضلاع میں ہوتا ہے جہاں حالیہ مہینوں میں پولیس اور سکیورٹی فورسز پر حملوں کے واقعات میں تیزی دیکھی گئی ہے۔

 

شیئر: