Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 دبئی ایئرپورٹ سے آئندہ دس روز میں 21 لاکھ افراد سفر کریں گے

 30 اکتوبر کو سفر کرنے والوں کی زیادہ تعداد دیکھنے میں آئے گی(فوٹو وام)
مطارات دبئی فیڈریشن نے کہا ہے کہ’ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ہاف ٹرم سکول بریک کے باعث آئندہ دس روز کے دوران 2.1 ملین افراد سفر کریں گے‘۔ 
الامارات الیوم کے مطابق مطارات دبئی کا کہنا ہے کہ’ 2022 کے دوران سیاحت  پہلے والی سطح پر واپس آ رہی ہے۔ 2019 میں کورونا وبا کے بعد سے پہلی مرتبہ سفر کرنے والوں کا رش دیکھنے میں آرہا ہے‘۔ 
مطارات دبئی کے مطابق ’21 سے 30 اکتوبر تک دبئی انٹرنیشنل  ایئرپورٹ سے 21 لاکھ افراد کے سفر کی توقع ہے۔ دبئی سے یومیہ آنے جانے والے مسافروں کی تعدا د 2 لاکھ 15 ہزار کے  لگ بھگ ہوگی‘۔ 

یومیہ مسافروں کی تعدا د 2 لاکھ 15 ہزار کے لگ بھگ ہوگی (فوٹو وام)

مطارات دبئی نے توقع ظاہر کی کہ’ 30 اکتوبر کو سفر کرنے والوں کی تعداد 2 لاکھ 59 ہزار تک پہنچ جائے گی۔  اس دن سفر کرنے والوں کی سب سے زیادہ تعداد دیکھنے میں آئے گی‘۔
مطارات دبئی نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ ’وہ نئے ضوابط سے آگاہی حاصل  کریں۔ سفری دستاویزات کے بارے میں اطمینان ضرور کریں۔ بارہ برس سے زیادہ عمر کے بچے سمارٹ گیٹ استعمال کرسکتے ہیں۔ اس سے امیگریشن کا مرحلہ آسانی اورتیزی سے مکمل ہو جاتا ہے‘۔ 
مطارات دبئی نے یہ بھی مشورہ دیا کہ ’لگیج کا وزن ضرور چیک کیا جائے۔ گھر سے نکلنے سے قبل پاسپورٹ کے بارے میں اطمینان حاصل کریں۔ اس سے وقت کی بچت ہوگی۔ سیکیورٹی چیکنگ زون میں داخلے سے قبل پوری طرح سے تیار رہیں۔ رش سے بچنے کےلیے ایئرپورٹ پہنچنے یا وہاں سے نکلنے کے  لیے میٹرو دبئی کا استعمال کریں‘۔

شیئر: